شیخ رشید کو دھمکی آمیز کال موصول ہونے کا مقدمہ درج

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی درخواست پر پولیس نے ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی

(فوٹو فائل)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو فون پر سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ وارث خان میں شیخ رشید کی مدعیت میں نامعلوم فون کالر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

شیخ رشید نے تھانے میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ کئی روز سے ذاتی فون پر قتل اور اغوا کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ اب لال حویلی کے نمروں پر کالیں موصول ہوئیں۔


سابق وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کو وہ نمبر بھی فراہم کردیے جن کے ذریعے انہیں دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی درخواست پر پولیس نے دفعہ 506 اور 25 ڈی ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو بھی مسیج کردیا یے آپ کوخود تحریر لکھ کر دے رہا ہوں تاکہ بوقت ضرورت کام آسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ رشید احمد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ نامعلوم افراد نے لال حویلی کے نمبر پر بھی دھمکی آمیز کال کی اور شیخ رشید کو باز رہنے کی تنبہہ کی تھی۔
Load Next Story