سیلاب متاثرہ خواتین میں نسوانی صحت کے تحفظ کے لیے اشیا کی تقسیم

سیلاب متاثرہ خواتین ضروری استعمال کی اشیا موجود نہ ہونے سے مشکلات سے دوچار ہیں


دعا عباس September 23, 2022
فوٹو ایکسپریس

سول سوسائٹی کی بااختیار خواتین کی جانب سے سیلاب متاثرہ خواتین میں حفظان صحت کی مصنوعات تقسیم کیں گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے بعد مختلف فلاحی ادارے اور مخیر حضرات سیلاب زدگان کے لیئے راشن ،طبی کیمپ اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں وہیں دوسری جانب سیلاب متاثرین میں موجود خواتین کی بڑی تعداد کو بھی ماہواری کا سامنا نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔

سیلاب متاثرہ خواتین ضروری استعمال کی اشیا موجود نہ ہونے سے مشکلات سے دوچار ہیں، متاثرین میں نوجوان لڑکیوں کو ماہواری سے منسلک صحت و صفائی کی بڑھتی ہوئی مشکلات سے نمٹنے اور نسوانی صحت کے تحفظ کے لیے کراچی کی سول سوسائٹی کی خواتین نے ذمہ داری کا بیڑہ اٹھالیا ہے۔

سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی اپنی مدد آپ کے تحت حفظانِ صحت کے اقدامات میں مصروف ہیں،ان کی جانب سے بلوچستان اور اندرون سندھ کی 2500 سے زائد متاثرہ خواتین کو نسوانی صحت کے تحفظ کے لیئے اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔

اس موقع پر فلاحی رضاکار مہک علی نے کہا کہ 'پاکستان میں ماہواری اور صحت مندانہ طرزِ عمل سے متعلق آگہی پیدا کرنے کے لیے اداروں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،یہ بات ثابت ہے کہ حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل نہ کرنے سے تولیدی صحت متاثر ہوتی ہے جس کے سبب انفیکشن اور دیگر مسائل خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے سیلاب متاثرہ خواتین میں ماہواری کے لیے ضروری مصنوعات کے متعلق آگہی اور ان تک رسائی کے مسائل کو اجاگر کیا جاسکتا ہے،ایک صحت مندانہ ماہواری اور حفظان صحت بچیوں اور نوجوان لڑکیوں کا بنیادی انسانی حق ہے۔ بہت سی خواتین کے پاس ایسی مصنوعات تک رسائی نہیں ہے جو ان کی ماہواری کا متواتر خیال رکھنے میں ان کی مدد کر سکیں۔ مروجہ مسائل پر خاطر خواہ توجہ یا فکر نہ کرنے سے ہم اپنے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں