سول ایوی ایشن نے ہوابازوں کی ڈیوٹیز میں کمی کے احکامات جاری کردیے

55 پروازوں میں کپتانوں سے 12 گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کروائی گئی، سی اے اے


ویب ڈیسک September 24, 2022
55 پروازوں میں کپتانوں سے 12 گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کروائی گئی، سی اے اے فوٹو: فائل

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ہوابازوں کی ڈیوٹیز میں کمی کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ 7 ماہ کے دوران پی آئی اے کے کپتانوں نے سول ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی کی جبکہ دیگر آپریٹرز کے مقابلے زیادہ ڈیوٹیاں کیں، جس کی وجہ سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہوئیں۔

ایک سال کے دوران 55 پروازوں میں کپتانوں سے 12 گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کروائی گئی جو آکاو قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جبکہ سیفٹی کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

مزید پڑھیں: اضافی ڈیوٹی کے باعث اعصابی تناؤ، پی آئی اے کیبن کریو نے ایمرجنسی سلائیڈ کھول دی

سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈیوٹیز سے متعلق ایس اوپیز واضح ہیں، ہوابازوں کی مسلسل ڈیوٹیز کسی بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کا خط موصول ہوگیا ہے اس پر تجزیہ کررہے ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ دنوں قومی فضائی کمپنی کے عملے کے ایک رکن نے کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں غلطی سے ایمرجنسی سلائیڈ کھول دی، جس کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کی تھیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پروازوں پر ڈیوٹی دینے والے عملے کے ارکان اضافی ڈیوٹیوں کے باعث ذہنی و جسمانی تھکاوٹ کے سبب سنگین نوعیت کی غلطیاں کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے پیر کی صبح کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 پر ڈیوٹی دینے والے کیبن کریو نے رن وے پر اڑان سے کچھ دیر قبل غلطی سے ہنگامی سلائیڈ کھول دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں