تعلیمی بورڈز کے اعلیٰ سطح کے ادارے ’’کمیٹی آف چیئرمینز‘‘ کا سربراہ تبدیل

پروفیسر انوار زئی کی جگہ فصیح الدین خان 6ماہ کے لیے کمیٹی آف چیئرمینز کے نئے سربراہ مقرر، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت ہر6 ماہ بعد سربراہ تبدیل ہوگا، تمام بورڈز کے چیئرمین کو سربراہی دی جائیگی

JUBAIL, SAUDI ARABIA:
حکومت سندھ نے5 سال بعد صوبے کے تعلیمی بورڈزکے اعلیٰ سطح کے ادارے ''کمیٹی آف چیئرمینز'' (سی او سی) کے سربراہ کوتبدیل کر دیا ہے اور سی او سی کے سربراہ پروفیسر انوار احمد زئی کی جگہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فصیح الدین خان کو کمیٹی آف چیئرمینز کا نیا سربراہ مقررکر دیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔


فصیح الدین خان کو6 ماہ کے لیے سی او سی کا سربراہ مقررکیا گیا ہے، حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت اب ہر6 ماہ بعد سی اوسی کا سربراہ تبدیل کیا جائے گا اور سندھ کے تمام تعلیمی بورڈزکے چیئرمین کو سی او سی کی سربراہی کا موقع دیا جائے گا، یاد رہے کہ طویل تعلیمی انتظامی تجربے کے سبب سابق کنٹرولنگ اتھارٹی کے دور سے سی او سی کی سربراہی انوار زئی کے پاس تھی، دوسری جانب سندھ کے تعلیمی بورڈزکی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ نے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے میٹرک اورانٹرکے امتحانات کے سلسلے میں صوبے کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز اورناظمین امتحانات کااجلاس کل ہفتہ کوطلب کرلیاہے، وزیراعلیٰ سندھ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہوکو بھی مدعو کیا گیا ہے، ایک اعلیٰ افسرکے مطابق تعلیمی بورڈزکی کنٹرولنگ اتھارٹی کی تبدیلی کے بعد یہ دوسراموقع ہے جب وزیراعلیٰ سندھ تعلیمی بورڈزکے اجلاس کی خود صدارت کریں گے، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک اورانٹرکے امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا تاہم کہا جارہا ہے کہ ہر سال کی طرح یہ بھی روایتی اجلاس ہی ہوگا۔
Load Next Story