صرف مالی مدد نہیں سیلاب زدگان کیلیے مختلف شعبوں میں بھی کام کریں گے امریکی سفیر
متاثرین کی بحالی ایک مشکل اور چیلنجنگ کام ہے، اقوام متحدہ کی اپیل پر پاکستان کی مزید مدد کریں گے، ڈونلڈ بلوم
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، سیلاب کی تباہ کاریوں پر بہت افسوس ہوا، صرف مالی مدد نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مختلف اور شعبوں میں بھی کام کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ مجھے پاکستان آکر بہت اچھا لگا، آج میں نے مسجد وزیر خان کا دورہ کیا یہ تاریخی مذہبی مقام ہے، تاجر برادری اور سول سوسائٹی سے بھی میری ملاقات ہوئی ہے، پنجاب ایک متحرک اور تنوع والا صوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بہت افسوس ہے، سیلاب متاثرین کے لیے ہم نے بہت زیادہ فنڈز دیے ہیں اور آگے بھی دیں گے، یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کی اپیل پر پاکستان کی مزید مدد کریں گے، صرف مالی مدد نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے مختلف اور شعبوں میں بھی کام کریں گے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ایک مشکل اور چیلنجنگ کام ہے، امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات بہت زیادہ مضبوط ہیں، دونوں ممالک میں تعلقات کی مزید بہتری کے لیے مزید کام کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہوچکے ہیں، امریکا میں ایکس چینج پروگرام کے ذریعے طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، امریکا نے 2005ء اور2010ء میں بھی پاکستان کی مدد کی تھی۔