کرکٹ کے بخار نے ڈھاکا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

ہر طرف پاک بھارت میچ کا تذکرہ، آج گرین شرٹس کو شائقین کی سپورٹ ملنے کی توقع

پاکستان سے بھی سیکڑوں پرستار بنگلہ دیش پہنچ گئے،آفریدی سب کی امیدوں کا محور۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
کرکٹ کے بخار نے ڈھاکا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ہر طرف پاک بھارت میچ کا ہی تذکرہ ہے، جمعے کے مقابلے میں گرین شرٹس کو شائقین کی تمام تر سپورٹ ملنے کی توقع ہے، پاکستان سے بھی میچ دیکھنے کیلیے سیکڑوں پرستار ڈھاکا پہنچ گئے،شاہد آفریدی سب کی امیدوں کا محور ہیں۔


تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی عوام کرکٹ سے بے انتہا محبت کرتے ہیں،پاکستانی ٹیم خصوصاً شاہد آفریدی شائقین میں بیحد مقبول ہیں، جمعے کو شیڈول پاک بھارت مقابلے کے تمام ٹکٹ کافی عرصے قبل ہی فروخت ہو چکے اور میچ کے دوران ''ہائوس فل'' کی توقع ہے، ڈھاکا ایئرپورٹ آمد کے ساتھ ہی کرکٹ کے بخار کا اندازہ ہونے لگتا ہے جس نے پورے ملک کو لپیٹ میں لے لیا،گذشتہ روز پاکستان سے بھی سیکڑوں افراد ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلیے ڈھاکا پہنچے، مقامی افراد کی بھی تمام تر سپورٹ گرین شرٹس کے ساتھ ہے۔

توقع ہے کہ جمعے کو پاکستانی پلیئرز ہوم گرائونڈ میں کھیلنے جیسا لطف محسوس کریں گے،شاہد آفریدی یہاں بیحد مقبول ہیں، ایشیا کپ میں انھوں نے اسی شیربنگلہ اسٹیڈیم میں 2 چھکے لگا کر بھارت کیخلاف ٹیم کو فتح دلائی تھی، اب شائقین ان سے ایسی ہی پرفارمنس کی آس لگائے بیٹھے ہیں، ٹیم جب جمعرات کو پریکٹس کیلیے اسٹیڈیم آئی تب بھی بڑی تعداد میں لوگ پلیئرز کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے باہر موجود تھے، ان میں سے ایک عبدالقادر نے کہا کہ شاہد آفریدی میرا پسندیدہ کرکٹر ہے، میں آج اسے دیکھنے یہاں آیا ہوں، بس سے مجھے دیکھ کر اگر وہ ہاتھ ہلا دے تو میری دلی تمنا پوری ہو جائے گی۔
Load Next Story