ورلڈ ٹوئنٹی 20 مسائل نے حکام کی ناک میں دم کردیا

بجلی کی فراہمی میں تعطل سے کئی میچز متاثر ہو چکے،بدترین ٹریفک جام سے کھلاڑی پریشان

بجلی کی فراہمی میں تعطل سے کئی میچز متاثر ہو چکے،بدترین ٹریفک جام سے کھلاڑی پریشان۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20کے دوران بعض مسائل نے حکام کی ناک میں دم کر دیا، بجلی کی فراہمی میں تعطل سے کئی میچز متاثر ہو چکے ہیں، اسی طرح ڈھاکا میں بدترین ٹریفک جام کی صورتحال کھلاڑیوں کو فرسٹریشن میں مبتلا کرنے لگی۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان کی طرح بنگلہ دیش کو بھی بجلی کی کمی کا سامنا اور یہاں لوڈشیڈنگ معمول کی بات ہے، اسی لیے ورلڈ ٹی 20کے دوران فرٹیلائزرز کمپنیز کو بند کرا دیا تھا تاکہ گیس کی بچت سے بجلی کی پیدوار میں مدد ملے، اس کے باوجود میگا ایونٹ کے دوران لائٹ کی بندش کے کئی واقعات پیش آ چکے، بعض اوقات فنی خرابی بھی وجہ بنی،گذشتہ دنوں آئرلینڈ اور یو اے ای کے درمیان میچ میں کئی بار لائٹس بند ہونے سے تعطل آیا،پاکستان اور جنوبی افریقہ کے وارم اپ مقابلے میں بھی ایسا ہی ہوا، اسٹیڈیم میں موجود ایک صحافی کے مطابق سوٹسوبے گیند پھینکنے ہی والا تھا کہ اندھیرا چھا گیا، ایسے میں پلیئرز بھی پریشان ہو گئے،اگرگیند ہو جاتی تو بیٹسمین زخمی بھی ہو سکتا تھا، سلہٹ اسٹیڈیم میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سبب کوئی فنی خرابی ہے۔

حکومتی ادارہ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دونوں ہی ایک دوسرے کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں مگر تاحال مسئلہ حل نہیں ہو سکا، اتنے بڑے ایونٹ میں ایسے واقعات جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں۔ اسی طرح مہمان ٹیمیں ڈھاکا کی ٹریفک صورتحال سے بھی پریشان ہیں، گوکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑیاں آمدورفت کے وقت سڑکیں خالی کرانے کی کوشش کرتی ہیں مگر ہر بار انھیں کامیابی نہیں ملتی، گذشتہ دنوں وارم اپ میچ کے بعد واپس آنے والی نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی اس مسئلے کا شکار ہوئیں،پاکستان اور بھارت سے آئے ہوئے صحافیوں نے اس کا حل میرپور کے ہوٹل میں ہی قیام کی صورت میں نکالا جہاں سے شیربنگلہ اسٹیڈیم پیدل بھی جایا جا سکتا ہے۔
Load Next Story