الیکس ہیلز کا شاندار کیچ پکڑنے والے عثمان قادر کی انجری میں بہتری
چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں عثمان قادر نے ڈائیو لگا کر زبردست کیچ پکڑا تھا
انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں الیکس ہیلز کا کیچ پکڑ کر زخمی ہونے والے پاکستانی لیگ اسپنر عثمان قادر کے انگوٹھے کی چوٹ میں بہتری آرہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عثمان قادر کی انجری میں بہتری آئی ہے اور توقع ہے کہ وہ بدھ کو لاہور میں ہونے والے سیریز کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی سے قبل ٹھیک ہو جائیں گے۔
عثمان قادر چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں زخمی ہونے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے جبکہ انکی جگہ افتخار احمد نے بولنگ کروائی تھی جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 23 رنز دیے۔
فاسٹ بولر محمد حسنین کی گیند پر انگلش اوپنر الیکس ہیلز نے شاٹ لگانے کی کوشش کی تاہم مڈ وکٹ پر کھڑے عثمان قادر نے ڈائیو لگا کر زبردست کیچ پکڑ لیا جبکہ اس دوران انکے سیدھے ہاتھ کا انگوٹھا زخمی ہوگیا۔
الیکس ہیلز تین گیندوں پر پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تین رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سات میچز کی سیریز 2-2 سے برابر ہے۔