وزیر اعظم کے اعلان سے عوام کا اعتماد بڑھا الطاف حسین

فوج کسی ملک نہ بھیجنے کے اعلان کا مجھ سمیت پوری قوم خیرمقدم کرتی ہے،قائد متحدہ،عامرخان کی ملاقات


Express Desk March 21, 2014
لندن:متحدہ کے قائد الطاف حسین سے رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان ملاقات کررہے ہیں،ندیم نصرت بھی موجود ہیں

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان ایئرفورس بیس میانوالی کوقومی ہیرو ایم ایم عالم بیس کا نام دینے کی تقریب سے جوخطاب کیاہے اس کا مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم تہہ دل سے خیرمقدم کرتی ہے۔

اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت جوجو ممالک مسائل کاشکارہیں اوربے یقینی کی کیفیت میں مبتلاہیں ان تمام ممالک کوایک ایسی باوقار اورنڈرلیڈر شپ کی ضرورت ہے جوان ممالک کے عوام کے خدشات اورذہنی پریشانیوں کاواضح اوردوٹوک الفاظ میں اظہارکرے تاکہ قوم کے افرادکی تسلی وتشفی ہوسکے۔ الطاف حسین نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ آج وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میںقوم کو بتایا کہ پاکستانی افواج نہ توشام ،نہ بحرین اورنہ ہی کسی اور ملک میں بھیجی جارہی ہیں۔ وزیراعظم نے واضح اوردوٹوک الفاظ میں یہ اعلان کرکے پاکستانی قوم میں پائی جانے والی بے چینی، ذہنی پریشانی اوربے یقینی کی کیفیت کاخاتمہ کردیاہے اوراس سے عوام کے اعتمادمیں بھی اضافہ ہواہے جس پر میں وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

الطاف حسین نے کہاکہ میں دعاگوہوں کہ اللہ تعالیٰ، وزیراعظم نوازشریف کومستقبل میں بھی اسی طرح قو م کے مفادمیں جرات مندانہ فیصلے کرنے اورعوام میں ان کااظہار کرنے کا حوصلہ اورتوفیق عطاکرے۔ دریں اثنا الطاف حسین سے رابطہ کمیٹی کے رکن عامرخان نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت بھی موجود تھے۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم، غریب ومتوسط طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے اور ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ کرکے غریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے لہٰذا ایم کیوایم کے تمام رہنماؤں، ذمے داروں اورکارکنوں کو مزید محنت ولگن، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے حق پرستی کے پیغام کوملک بھر میں عام کرناہوگا۔ رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان نے الطاف حسین کو ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں