کراچی فائرنگ کے واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک

رئیس امروہوی کالونی میں پولیس موبائل پر فائرنگ،ہیڈکانسٹبل ہلاک، سپاہی زخمی،کورنگی ڈھائی میں ہیڈکانسٹیبل انور جعفری قتل


Staff Reporter March 21, 2014
سہراب ، میمن گوٹھ، گلبرگ، شرافی گوٹھ، اقبال مارکیٹ، منگھوپیر اورکورنگی میں فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے،2مقدمات درج۔ فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2پولیس اہلکاروں اور خاتون سمیت11 افراد ہلاک ہو گئے۔

اورنگی ٹائون میں پولیس موبائل پر نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہیڈکانسٹیبل جاں بحق اور پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ، مقتول ہیڈ کانسٹیبل کی نماز جنازہ گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر میں اداکردی گئی، اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے11 رئیس امروہی کالونی امام ہال کے قریب جمعرات کی صبح موٹر سائیکلوں پر سوارنامعلوم ملزمان نے اقبال مارکیٹ تھانے کی موبائل پر اندھا دھندفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل38سالہ محبوب عالم جاں بحق اور اہلکار فاروق زخمی ہوگیا ، زخمی اہلکار پاک فوج سے رٹائرڈ ہے، محبوب عالم کو پاپوش نگر قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوا، سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ خیر آباد کے پاس نامعلوم ملزمان نے19سالہ نوراسلام کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ میمن گوٹھ کے علاقے عید گاہ جام گوٹھ کے قریب داد رحیم سٹی پلاٹ کے سامنے جھاڑیوں سے تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق30 سالہ مغوی کو اغوا کے بعد ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اورسر پرگولی مارکرقتل کردیا گیا۔

گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک11طاہر ولا چورنگی شاداب مسجدکے قریب ملزم ساجد نے فائرنگ کرکے30 سالہ رانی زوجہ محمد صادق کو قتل کردیا، مقتولہ 3 بچوں کی ماں اور ایف بی ایریا بلاک11 میں واقع کچی آبادی قبائل کالونی کی رہائشی تھی، شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی معین آباد نمبر2 وکیل ہوٹل کے قریب واقع مکان نمبر725 کی بالائی منزل کے کمرے میں جمعرات کو علی الصباح نامعلوم ملزمان نے داخل ہوکرسوئے ہوئے65 سالہ فقیر شاہ کو سر پروزنی شے مارکر قتل کردیا اورفرار ہوگئے، اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر11 بلاک ایل توحید کالونی میں جامع مسجد فاروقی کے قریب گھر میں جھگڑے کے دوران ملزم مرشد نے اپنی اہلیہ40سالہ مہ ناز بی بی کوفائرنگ کرکے قتل اور خواہر نسبتی شاہین کو زخمی کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم مرشد نے خود کو بھی گولی مارکر زخمی کرلیا، پولیس نے زخمی ملزم مرشدکوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمدکرلیا۔

منگھوپیر کے علاقے بندمراد امداد مارکیٹ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے60سالہ محمد قاسم شاہ جا ں بحق ہوگیا، پولیس کاکہنا ہے کہ مقتول کباڑی تھا اور اندرون سندھ کا رہائشی تھا،کورنگی نمبر2کیوایریا رضا مارکیٹ میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پتھارے والا50 سالہ مشتاق شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں پہنچ کرڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمی شخص دوران سفر خون زیادہ بہہ جانے کے باعث جاں بحق ہوگیا، زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے کار میں سوار پولیس اہلکار سمیت 2 افراد شدید زخمی ہو گئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ 45 سالہ انور حسین جعفری جاں بحق ہو گیا جبکہ 45 سالہ اصغر حسین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایس پی کورنگی عثمان باجوہ کا کہنا ہے کہ مقتول انور جعفری کرائم برانچ 2 میں بطور ہیڈ کانسٹیبل تعینات تھا۔ مقتول انور جعفری عوامی کالونی ، کورنگی ، کورنگی صنعتی ایریا اور لانڈھی میں ایس ایچ او تعینات رہ چکے ہیں، قتل کی اطلاع پر ان کے اہلخانہ جناح اسپتال جا رہے تھے کہ کورنگی ملیر ندی کے قریب ان کی کار کو حادثہ ہوا جس میں خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں گلشن معمار کے علاقے افغان کیمپ میں فائرنگ 32 سالہ روزی خان ہلاک ہوگیا۔ اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے 25 سالہ نسیم ولد حاجی سلیم ہلاک ہوگیا، مقتول اورنگی ٹاؤن کے علاقے علاقے سیکٹر 6-E کا رہائشی تھا۔علاوہ ازیں لائنز ایریا کے علاقے بریگیڈ میں نامعلوم ملزمان پیارے نامی شخص کے جوئے کے اڈے پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |