کراچی کے بہتر مفاد کیلیے ایڈمنسٹریٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا مرتضیٰ وہاب
یہ بھی فیصلہ کیا اپنی ذات کیلیے نہیں بلکہ شہر کے لیے کیا، احتجاج اور دھرنے سے معاملات حل نہیں ہوتے، ترجمان سندھ حکومت
سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے بہتر مفاد کے لیے ایڈمنسٹریٹر کراچی کےعہدے سے استعفیٰ دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جنوبی میں قائم گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں منعقدہ آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کے تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں جو کچھ بھی ہوں پیپلزپارٹی کی بدولت ہوں، میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ اپنی ذات کے لیے نہیں شہر کے بہتر مفاد کی وجہ سے کیا کیونکہ معاملات دھرنا دے کر حل نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو آئین و قانون کے تحت چلنے کی ضرورت ہے اور یہی بطور ایڈمنسٹریٹر میری ذمہ داری بھی تھی، قانون کی پیروی کرتے ہوئے فیصلے لینے چاہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے پی ٹی سے 33 کروڑ روپے وصول کرنے کے بعد ان پیسوں کو مرمتی کام میں لگایا جارہا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے جےای ایس ٹی اساتذہ طلبا میں 80 تقرر نامے تقسیم کیے اور اساتذہ کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ بھرتی ہونے والے تمام افراد کی سفارش ان کی تعلیم تھی، سندھ حکومت نےمیرٹ پر اساتذہ کی بھرتی کی۔ انہوں نے کہا کہ عورت مضبوط اور بااختیار ہوگی تو کنبہ مضبوط ہوگا۔