ہیلی کاپٹر کا سانحہ

بلاشبہ شہادتوں سے قوم اور پاک فوج کے حوصلے پست نہیں بلکہ بلند ہوگئے ہیں


Editorial September 28, 2022

پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا ' جس کے نتیجے میں دو میجر سمیت چھ جوانوں شہید ہو گئے ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کو سپرد خاک کردیا گیا ہے، شہدا کی نمازجنازہ میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ' سنیئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران وجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

بلاشبہ اس سانحے میں جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کو قوم سلام پیش کرتی ہے، بارڈرز پر دشمن کا مقابلہ کرنا ہو یا کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنا ہو، پاک فوج کے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر شہریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے، یہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں مادروطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لیے افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں ۔

مادر وطن کے دفاع اور اپنے ہم وطنوں کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے بہادرافسران' سپاہیوںسمیت تمام شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک بھر میں پائیدار امن قائم ہوا۔

بلاشبہ شہادتوں سے قوم اور پاک فوج کے حوصلے پست نہیں بلکہ بلند ہوگئے ہیں۔درحقیقت ہمارے محافظوں نے قربانیاں دے کر قوم کا مستقبل محفوظ بنا دیا ہے ،قوم اپنے شہیدوں اور غازیوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں