پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ جیت لی

وہ مسلسل 9 ویں پروفیشنل فائٹ میں ناقابل تسخیر رہے ہیں


Sports Reporter September 28, 2022
فوٹو : ٹویٹر

پاکستان کے معروف پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے تحت ہونے والی ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ جیت لی۔

موصول اطلاعات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں بدھ کی شب کھیلی جانے والی ٹائٹل فائٹ میں عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے باکسر سومپوت سیسا کو چھٹے راؤنڈ میں زیر کرکے فتح حاصل کی۔

بائیس سالہ عثمان وزیر نے تھائی حریف کو چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا، وہ مسلسل 9 ویں پروفیشنل فائٹ میں ناقابل تسخیر رہے۔

ایشین بوائے کے نام سے مشہور عثمان وزیر کی یہ نویں پروفیشنل باکسنگ فائٹ تھی، اب تک وہ اپنے تمام مقابلوں میں کامیابی سے ہم کنار ہوئے ہیں۔ گلگت کے علاقے استور سے تعلق رکھنے والے عثمان وزیر ایشین باکسنگ فیڈریشن کے ویلٹر ویٹ چیمپیئن بھی ہیں، عثمان وزیر پاکستان کے پہلے باکسر ہیں جنہوں نے ڈبلیو بی او ورلڈ یوتھ ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

دریں اثنا عثمان وزیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کی سب سے بڑی فائٹ میں کامیابی پر بہت خوش ہیں، یوتھ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کے لیے کوالیفائی کرنا اعزاز ہے، ورلڈ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنے پر بہت مسرت ہوئی۔

پاکستانی پروفیشنل باکسر نے کامیابی کے لیے دعائیں کرنے پر قوم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں، پاکستان کے نامور کرکٹرز نے بھی عثمان وزیر کی کامیابی کے لیے سماجی رابطوں کے ذریعہ دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا، ان میں قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان، سابق کپتان محمد حفیظ، سرفراز احمد، حارث رؤف اور سہیل تنویر و دیگر بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |