گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کا حکم

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، گیس حکام کی شرکا کو بریفنگ، عمران حکومت نے سستی گیس نہ خرید کر عوام پر ظلم کیا،شہباز شریف


ویب ڈیسک September 29, 2022
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، گیس حکام کی شرکا کو بریفنگ، عمران حکومت نے سستی گیس نہ خرید کر عوام پر ظلم کیا،شہباز شریف (فوٹو: فائل)

وزیر اعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کا حکم جاری کردیا اور کہا ہے کہ عمران حکومت نے سستی گیس نہ خرید کر قوم پر بڑا ظلم کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے طلب کردہ ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک، مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

شرکا کو موسمِ سرما میں متوقع طلب اور رسد پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو حکومت کی موجودہ حکمت عملی اور آئندہ مہینوں میں گیس کی فراہمی کے لیے مرتب کردہ پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پیش کردہ پلان کو مزید بہتر کرنے اور قلیل و وسط مدتی لائحہ عمل کو ترجیح دینے کی ہدایات جاری کیں۔

شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیش نظر فوری لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات جاری کردیں اور کہا ہے کہ عمران حکومت نے کووڈ کے دنوں میں عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا اور بروقت گیس نہ خرید کر اس قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ آج پورا ملک بھگت رہا ہے، میں گزشتہ حکومت کی طرح کسی بھی قسم کی بدانتظامی اور مجرمانہ غفلت قبول نہیں کروں گا، معیشت میں بارودی سرنگوں بچھانے والوں نے ملک کے ہر شعبے پر خود کش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں