ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے راؤنڈ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں نے مقررہ 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے جواب میں بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو 19 ویں اوور میں شکست دے دی۔ میچ کے آغاز میں جب بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آغاز کچھ اچھا نہ ہوا، اوپننگ جوڑی صرف 9 رنز کی شراکت قائم کرسکی اور کامران اکمل 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد حفیظ اور احمد شہزاد نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 44 رنز کے مجموعے پر پروفیسر 15 رنز بنا کر جڈیجا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے،حفیظ کے بعد احمد شہزاد 47 کے مجموعے پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ شعیب ملک 18 رنز بنا کر امیت مشرا کی گیند پر سریش رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
عمر اکمل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کے مجموعے میں 33 رنز جوڑے تاہم وہ بھی بھارتی بالروں کا زیادہ دیر تک مقابلہ نہ کرسکے اور محمد شامی کی گیند پر سریش رائنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اپنے بلے سے لاٹھی چارج کرکے میچ جتوانے والے بوم بوم آفریدی کا بلا آج رنز نہ اگل سکا اور وہ صرف 8 رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ صہیب مقصود 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے بازوں نے شاندار آغاز کیا اور روہت شرما اور شیکھر دھون نے 54 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم آٹھویں اوور میں شیکھر دھون عمر گل کی بال پر سعید اجمل کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ روہت شرما 64 رنز کے مجموعی اسکور پر 24 اسکور بنا کر سعید اجمل کا شکار بنے۔ یووراج سنگھ صرف ایک رن بنا کر ہی بلاول بھٹی کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ ورات کوہلی 36 اور سریش رائنا 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے بلاول بھٹی، عمر گل اور سعید اجمل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کم اسکور کے باعث شکست کے سامنا کرنا پڑا، 20 سے 30 رنز مزید ہوتے تو میچ یکطرفہ نہ ہوتا جبکہ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ پاکستان کیخلاف کامیابی سے ایونٹ کے مزید میچز میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے میگا ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 4 میچز کھیلے گئے ہیں اور چاروں میچز بھارت کے نام رہے۔
[poll id="208"]
[infogram url="" height="647"]