ایف بی آر ٹیم مزید ٹیکس اکٹھا کرنے کی کوشش کرے وزیر خزانہ کی ہدایت
ایف بی آر تیزی سے بدلتی معاشی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے خود کو تیار کرے، اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئےایف بی آر ٹیم کو مزید ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا دورہ کیا اور ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
وزیر خزانہ نے مقررہ اہداف کو پورا کرنے میں ایف بی آر ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، وفاقی وزیر نے ایف بی آر ٹیم کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے ایف بی آر ٹیم کو کہا کہ وہ تیزی سے بدلتی معاشی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے خود کو تیار کریں۔
اسحاق ڈار نے ایف بی آر ٹیم سے کہا کہ وہ مزید ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ وفاقی وزیر نے رواں مالی سال میں امیروں پر ٹیکس لگا کر براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس اور کیپٹل ویلیو ٹیکس) کا حصہ بڑھانے کے ایف بی آر کے اقدام کی تعریف کی۔
وزیر خزانہ نے ٹیکس پالیسیاں وضع کرنے کے ساتھ ساتھ ریونیو اکٹھا کرنے کی کوششوں میں ٹیکس دہندگان سے رابطوں اور انِ کی آرء کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے ایف بی آر ٹیم کی جانب سے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے وفاقی وزیر کو ایف بی آر کی جانب سے محصولات بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر ایک جامع بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر نے جولائی اور اگست 2022 کے ماہانہ محصولات کے اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ہیں اور انشا اللہ ستمبر 2022 تک کا سہ ماہی ہدف بھی حاصل کر لے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ ایف بی آر نے یہ اعلی کارکردگی سیلاب کی وجہ سے معاشی سست روی، مہنگائی کی وجہ سے طلب میں کمی، درآمدات میں نمایاں کمی کے باوجو اور پی او ایل کی مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگائے بغیر حاصل کی ہے۔