خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کا کیس عمران خان پردوسری بار جرمانہ عائد

عدالت نے خواجہ آصف ہرجانہ کیس کی سماعت 22 اکتوبرتک ملتوی کردی

عمران خان نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس دائر کیا ہوا ہے:فوٹو:فائل

خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں التوا مانگنے پرپی ٹی آئی چئیرمین عمران خان پر دوسری مرتبہ جرمانہ عائد کردیا گیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے خلاف عمران خان کی جانب سے دائر 10 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان پر سماعت میں التوا مانگنے پر دوسری مرتبہ 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔


عمران خان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ مرکزی وکیل بیرون ملک ہیں اور عمران خان میٹنگ میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے اس لئے التوا دیا جائے۔

عدالت نے عمران خان کے وکلا کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا پانچ ہزار روپے جرمانے کے ساتھ منظورکرتے ہوئےکیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
Load Next Story