ویمنز ایشیا کپ پاکستان اور ملائیشیا کا میچ آج ہوگا

آج ملائیشیا سے مقابلہ، بھارت نے سری لنکا کو قابو کرلیا، بنگلادیش بھی فتحیاب


Sports Desk October 02, 2022
آج ملائیشیا سے مقابلہ، بھارت نے سری لنکا کو قابو کرلیا، بنگلادیش بھی فتحیاب۔ فوٹو: پی سی بی

ویمنز ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم مہم کا آغاز کرنے کیلیے تیار ہے تاہم اس کا مقابلہ آج ملائیشیا سے ہوگا۔

ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کا سفر اتوار کو ملائیشیا کیخلاف میچ سے شروع ہوگا، کپتان بسمہ معروف جیت سے کھاتہ کھولنے کیلیے پْراعتماد ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم سلہٹ کی کنڈیشنز سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

گرین شرٹس پیر کو دفاعی چیمپئن بنگلادیش کے مقابل آئیں گی جبکہ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 7 اکتوبر کو طے ہے، اس سے قبل منعقدہ آخری ایڈیشن میں پاکستان نے تیسری پوزیشن پر اختتام کیا تھا۔

کپتان بسمہٰ معروف کا کہنا ہے کہ سلہٹ کی کنڈیشنز ہمارے ملک کی طرح ہی ہیں، یہاں پر اسپنرز کو پچ سے مدد مل سکتی ہے، ہم کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے جیت سے کھاتہ کھولنا چاہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے فارمیٹ کی بدولت ہمیں 6 میچز کھیلنے کو ملیں گے، ہم اس کو ویمنز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھی اچھا موقع خیال کررہے ہیں، ایونٹ میں ہم کسی حریف کو کمتر خیال نہیں کریں گے اور اپنے گیم پلان پر پوری طرح عمل پیرا ہونے کی کوشش ہوگی۔

دریں اثنا افتتاحی دن بھارت نے سری لنکا کو 41رنز سے ہرا دیا، فاتح ٹیم نے 6 وکٹ پر 150رنز بنائے،جمیما روڈریگوئز نے سب سے زیادہ 76رنز اسکور کیے، کپتان ہرمن پریت کور 33 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں، اوشادی راناسنگھے نے 17رنز کے عوض 3 شکار کیے، آئی لینڈرز 18.2 اوورز میں 109رنز پر ہمت ہارگئیں، ہیسانی پریرا 30 اور اوپنر ہرشیتھا سمارا وکرما نے 26 رنز بناکر مزاحمت کی، ڈیالین ہیم لتا نے 3 جبکہ پوچا واسٹریکر اور دیپتی شرما نے 2،2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

دفاعی چیمپئن اور میزبان بنگلادیش نے تھائی لینڈ کو 9 وکٹ سے قابو کرلیا، ناکام سائیڈ 82رنز پر ڈھیر ہوگئی، پانیتا مایا نے 26 اور نتھاکن چانتھم نے 20 رنز اسکور کیے، رومانہ احمد نے 3 جبکہ صالحہ اختر، سنجیدہ اختر اور ناہیدہ اختر نے 2،2 پلیئرز کو میدان بدر کیا، ٹائیگرز نے ہدف 11.4 اوورز میں ایک وکٹ پر پالیا، شمیمہ سلطانہ 49 رنز بناکر پویلین رخصت ہوئیں، فرغانہ حق 26 اور نگار سلطانہ10 پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں