پی ٹی آئی کا سائفر کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کا کمیشن بنانے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف نے آڈیو لیکس اور سائفر کے معاملے پر ایف آئی اے کی تحقیقات مسترد کردیں


ویب ڈیسک October 02, 2022
(فوٹو : فائل)

پاکستان تحریک انصاف نے سائفر اور آڈیو لیکس کے معاملے پر ایف آئی کی تحقیقات کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ 'عمران خان کی حکومت ایک سازش کے تحت ہٹائی گئی، اس ضمن میں سائفر کی تحقیقات پرحکومتی آمادگی درست سمت میں قدم ہے لیکن انصاف کا تقاضا ہے کہ یہ تحقیقات ایف آئی اے کے بجائے سپریم کورٹ کا بنایا گیا کمیشن کرے تاکہ دودہ کا دودہ اور پانی کا پانی ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے بھی جوڈیشل کمیشن ہی چاہیے تاکہ قوم کے سامنے حقیقیت آشکار ہوسکے۔

مزید پڑھیں: سائفر آڈیو لیکس؛ وفاقی کابینہ نے عمران خان اور ساتھیوں کے خلاف کارروائی کی منظوری دیدی

ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے حکومتی فیصلے کے نوٹی فکیشن کی کاپی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'سائفر موصول ہونے کی تاریخ سب بتا رہی ہے، امید ہے کہ آزادانہ تحقیقات شروع ہونے کے بعد مریم نواز اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گی'۔


پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'مسلم لیگ ن کی وفاقی کابینہ کی سمیر نے ثابت کردیا کہ دھمکی آمیز امریکی سائفر ایک حقیقت ہے اور یہ 7 مارچ کو موصول ہوا جس کے بعد 8 مارچ کو بیرونی سازش کے تحت تحریک عدم اعتماد پیش کر کے اسے کامیاب کروایا گیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی نااہلی اور گرفتاری سے حکمرانوں کو کچھ نہیں ملے گا، شیخ رشید

علاوہ ازیں مشیر اطلاعات برائے پنجاب حکومت عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف تو گزشتہ چار ماہ سے سائفر کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کر رہی ہے، حکومت جوڈیشل کمشن انکوائری کی بجائے حکومتی ادارے سے تحقیقات کروا کر اپنی مرضی کی رپورٹ حاصل کرنا چاہتی ہے، ایف آئی اے سے تحقیقات کروا کر اس معاملے کو سلجھانے کی بجائے الجھانے کی کوشش ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔