چھکوں کی برسات نیدرلینڈز کو سپر 10 کا ٹکٹ مل گیا

ڈچ ٹیم نے آئرلینڈ کو 6وکٹ سے ہرادیا، یواے ای پر زمبابوے کا غلبہ، چگمبرا کی ففٹی

آئرلینڈ کیخلاف ڈچ بیٹسمین اسٹیفن مے برگ کا جارحانہ چھکا، انھوں نے 17 گیندوں پر ففٹی بنائی۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

آئرلینڈ کیخلاف چھکوں کی برسات کرکے نیدرلینڈز نے سپر 10 کا ٹکٹ حاصل کرلیا، اسٹیفن مے برگ نے ٹوئنٹی 20 کی دوسری تیزترین ففٹی بنائی۔


انھوں نے 17 گیندوں پر اپنے50رنز مکمل کیے، انھوں نے 23 گیندوں پر 63 کی اننگز کھیلی، آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں گروپ 'بی' کے اختتامی لیگ میچز میں زمبابوے نے یواے ای کو 5 وکٹ سے زیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز نے گروپ 'بی ' میں آئرلینڈ کے چھکے چھڑاتے ہوئے سپر10 کا ٹکٹ حاصل کرلیا، نیدرلینڈز کو سپر 10 میں رسائی کیلیے آئرلینڈ کا دیاگیا190 کا ہدف14.2 اوورز میں حاصل کرنا ضروری تھا، تاہم انھوں نے دھواں داربیٹنگ کی بدولت ہدف 13.5 اوورز میں چار وکٹ پر پالیا، اسٹیفن مے برگ نے 23 گیندوں پر 63 رنزاسکورکیے، اس دوران انھوں نے 17 گیندوں پر ففٹی مکمل کرکے پال اسٹرلنگ کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

اسٹرلنگ نے دو برس قبل دبئی میں افغانستان کیخلاف قائم17گیندوں پر بنایا تھا، یوراج 12 گیندوں پر تیزترین ففٹی کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں، ٹام کوپر نے15گیندوں پر45 رنز بٹورے، ویسلے باریسی نے 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 45رنز ناٹ آئوٹ بنائے، اس سے قبل اپنے دونوں ابتدائی مقابلے جیتنے والی آئرش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 189رنز جوڑے، اینڈریو پوئنٹر57 اور پورٹر فیلڈ47رنز بناکر نمایاں رہے، احسان جمیل ملک نے 26رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔دوسرے مقابلے میں زمبابوے نے یواے ای کو 5 وکٹ سے زیر کیا ،ٹاس ہارنے والی یواے ای نے پہلے کھیل کر مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 116رنز جوڑے،سواپنل پٹیل 30 اور کپتان خرم خان26رنز بنائے،سین ولیمز نے 3 جبکہ ٹینڈائی چتارا اور سکندر رضا نے 2،2وکٹیں لیں، زمبابوے نے چگمبرا کی ناقابل شکست ففٹی کی بدولت ہدف 13.4 اوورز میں حاصل کرلیا، انھوں نے 53 رنز بنائے،منجولا گوریج نے 2وکٹیں لیں۔
Load Next Story