نئے ہاکی قوانین یکم ستمبرسے نافذ العمل ہوں گے

15،15 منٹ کے چار حصے ہوں گے، کھیل کا مجموعی دورانیہ ایک گھنٹہ ہوگا


Sports Desk March 22, 2014
15،15 منٹ کے چار حصے ہوں گے، کھیل کا مجموعی دورانیہ ایک گھنٹہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

ایف آئی ایچ نے ہاکی کے نئے قوانین کا اعلان کردیا، کھیل 35, 35 منٹ کے دو حصوں کی جگہ 15, 15 منٹ کے چار حصوں پر مشتمل ہوگا۔

قوانین پر عملدرآمد آئندہ چیمپئنز ٹرافی، ورلڈ لیگ راؤنڈ 2 ، ورلڈ لیگ سیمی فائنل اور فائنل، تمام کانٹی نینٹل اولمپک کوالیفائنگ ایونٹس اور ریو 2016 اولمپک گیمز سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے گذشتہ روز گیم کے ڈھانچے میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، کھیل35, 35 منٹ کے دو حصوں کی جگہ 15, 15 منٹ کے چار حصوں پر مشتمل ہوگا، اس طرز پر یورو ہاکی لیگ اور ہاکی انڈیا لیگ میں عمل کیا جارہا ہے۔ تبدیلی سے گیم کی روانی اور شدت میں بہتری آئیگی اور شائقین کے تجربے اور گیم کے تعارف اور تجزیے میں اضافہ ہوگا۔ دیگر تبدیلیوں میں پنالٹی کارنر ایوارڈز اور گول اسکورنگ کے بعد 40 سیکنڈ کا وقفہ بھی شامل ہے۔

دونوں وقفوں کے باوجود اس بات کی ضمانت دی جائیگی کہ اصل کھیل پورے 60 منٹ پر مشتمل ہو اور اس پر پنالٹی کارنر سیٹ اپ یا دیگر وقت کی رکاوٹوں سے کوئی فرق نہ پڑے۔ نئے قوانین کا اطلاق آئندہ چیمپئنز ٹرافی، ورلڈ لیگ راؤنڈ 2 ، ورلڈ لیگ سیمی فائنل اور فائنل، یکم ستمبر 2014 سے شروع ہونیوالے تمام کانٹی نینٹل اولمپک کوالیفائنگ ایونٹس اور ریو 2016 اولمپک گیمزسے ہوگا۔ ایف آئی ایچ پریذیڈنٹ لینڈرو نیگرے کہتے ہیں کہ یہ فیصلہ ہمارے شائقین کے ساتھ وعدے کی تکمیل ہے، اضافی وقفوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود یا ٹیلی ویزن پر دیکھنے والے شائقین کو اضافی ری پلیز سے لطف اندوز ہونے کیساتھ ایونٹ سے زیادہ سے زیادہ جڑے رہنے کا موقع ملے گا، اس کے ساتھ ہی ہاکی کمنٹیٹرز کو کھیلوں کے دوران تجزیے کیلیے بھی زیادہ وقت میسر آئیگا۔

مزید یہ کہ کوچز اور پلیئرز کو اضافی وقفوں کی وجہ سے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا موقع بھی ملے گا۔ نئے فارمیٹ سے ہاکی کے کھیل میں زیادہ شدت، تیز رفتاری اور اضافی دلچسپی پیدا ہوگی۔باسکٹ بال ، امریکن فٹبال اور نیٹ بال اور کئی دیگر اسپورٹس میں پہلے ہی موجود فارمیٹس کے بعد ایف آئی ایچ ایگزیکٹیو بورڈ نے ہاکی کو چار حصوں کے فارمیٹ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،گیم کا مجموعی وقت 70 منٹس سے 60 منٹس کردیا گیا ہے جو 15, 15 منٹ کے چار حصوں پر مشتمل ہوگا جس میں پنالٹی کارنر سیٹ اپ اور گولز کے دوران وقفے بھی ہوں گے، اس سے قبل گیم دو حصوں یعنی 35, 35 منٹ پر مشتمل تھا۔ کھیل کے پہلے اور تیسرے حصے کے بعد ہر ٹیم کو دو منٹ کا بریک جبکہ موجودہ 10 منٹ کا ہاف ٹائم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں