لاہور میں کولڈ اسٹوریج سے تین سال پرانا 7 ہزار کلو گوشت برآمد

کولڈ اسٹورریج میں مختلف ہمسایہ ممالک سے درآمد شدہ حلال حرام کی تفریق کے بغیر ایکسپائر گوشت برآمد ہوا


ویب ڈیسک October 04, 2022
کولڈ اسٹور میں مختلف ہمسایہ ممالک سے درآمد شدہ حلال حرام کی تفریق کے بغیر ایکسپائر گوشت برآمد ہوا۔

شہر میں جعل سازوں کی شامت آگئی، ڈی جی فوڈاتھارٹی پوری رفتار سے مافیا کے پیچھے لگ گئے۔

انہوں نے ٹیم کے ساتھ ایک ہی دن میں لاہور اور سرگودھا میں میراتھن کارروائیاں کرتے ہوئے لاہور میں کولڈ اسٹور سے تین سال پرانا 7 ہزار کلو گوشت ،سرگودھا سے 6 ہزار کلو ملاوٹی بیسن اور مرچیں برآمد کرلیں۔

لاہور میں ملتان روڈ پر کولڈ اسٹور سے تین سال پرانے امپورٹڈ سری پائے، کھد، زبان اور باسی گوشت برآمد کیا گیا۔ ایک ہوٹل سے باسی گوشت ملنے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے سپلائر کا پتہ لگانے کی ٹھانی تو کولڈ اسٹور کا سراغ ملا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ کولڈ اسٹور میں مختلف ہمسایہ ممالک سے درآمد شدہ حلال حرام کی تفریق کے بغیر ایکسپائر گوشت برآمد ہوا۔ تمام گوشت قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد پیمکو بھٹھی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔ کولڈ اسٹور مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور اس کے تمام خریداروں کی تفصیل حاصل کی جا رہی ہے۔

https://c.express.pk/2022/10/whatsapp-video-2022-10-04-at-10.24.44-am-1664876826.mp4

ادھر سرگودھا میں گرائنڈنگ فیکٹری ملاوٹی بیسن اور مرچیں تیار کرنے پر بند کر دی گئی۔ وہاں سے 800کلو ملاوٹی مرچیں،1850 کلو دال مونگ، 1700 کلو دال مٹری 200کلو مرچیں، 500 کلو ٹوٹے چاول اور 800 کلو بیسن ضبط کرلیا گیا۔

کارخانے میں گھوڑوں کی خوراک کم معیار مٹری دال، چاول اور دال مونگ مکس کر کے ملاوٹی بیسن تیار کیا جارہا تھا۔ تیار مرچوں اور بیسن کو قوانین کے خلاف کھلا بغیر ڈھانپے زمین پر رکھا پایا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے صوبہ بھر کے کولڈ اسٹورز چیک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے لیے کسی حد تک بھی جانا پڑا تو گریز نہیں کروں گا، صوبہ بھر میں امپورٹڈ گوشت سٹور کرنے والے سٹورز کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں