آصف زرداری کی علالت علاج کیلیے بیرونِ ملک فوری منتقلی کا امکان مسترد

دبئی سے آئے ڈاکٹر کی تین رکنی ٹیم نے سابق صدر کی صحت کا جائزہ لیا اور علاج پر اطمینان کا اظہار کیا، ذرائع

فوٹو فائل

سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا دبئی سے آنے والی ڈاکٹروں کی 3 رکنی ٹیم نے معائنہ کیا اور اُن کی بیرونِ ملک منتقلی کے امکان کو فی الوقت مسترد کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آصف علی زرداری کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں غیر ملکی ڈاکٹروں نے اُن کی صحت کا معائنہ کیا اور فیصلہ کیا کہ آصف زرداری کا علاج بیماری کی تشخیص کے بعد درست سمت میں جاری ہے اور فی الحال انہیں بیرون ملک علاج کی ضرورت نہیں ہے۔

دبئی سے آنے والی ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم کے معائنے کے موقع پر آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں، غیر ملکی ڈاکٹروں نے سابق صدر کےکچھ ٹیسٹ کیے ہیں ان کی طبعیت تاحال ناساز ہے۔


 

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کو علاج کے لیے دبئی منتقل کرنے کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کی بیرون ملک منتقلی کے لیے فیملی کے افراد سے صلاح مشورہ کیا ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے سے انہیں ایئر ایمبولینس پر یو اے ای منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر مملکت کو بیرون ملک منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ خصوصی معالج کریں گے۔

اُدھر وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو امریکا کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔

کراچی آمد کے فوری بعد انہوں نے اسپتال جاکر اپنے والد آصف زرداری کی عیادت کی اور ڈاکٹرز سے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ڈاکٹر عاصم نے انہیں آصف زرداری کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا۔
Load Next Story