آڈیو لیکس کے بعد عمران خان دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا شخص ثابت ہوگیا وزیراعظم

عمران خان کو تمام شعوری مجرمانہ حرکتوں پر جواب دینا ہوگا، شہباز شریف کا برطانوی اخبار کو انٹرویو

فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا شخص قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ووٹرز اور معاشرے میں مسلسل زہر گھول رہا ہے۔

برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ 'وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انداز ہوا کہ عمران خان نے کس طرح ملک کو اندرونی اور بیرونی طور پر نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے آج پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے'۔

'پاکستان شدید معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے'

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کی لیپٹ میں ہے، ہمیں بڑھتی مہنگائی، غیرملکی قرضوں اور کرنسی کی قدر میں کمی کا سامنا ہے، پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کی وجہ سے 30 ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان ہوا جبکہ 1600 افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہوئے'۔

وزیراعظم نے کہا کہ 'جھوٹ اور دھوکے سے عمران خان نے اپنی پالیسیوں کے باعث معیشت کو تباہی سے دوچار کیا، اپریل میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد انہوں نے امریکا، فوج اور حکومتی شخصیات کی تردید کے باوجود سائفر کا معاملہ اٹھایا پھر آڈیو لیکس آگئیں جن میں عمران خان کو اس معاملے پر کھیلنے کی ہدایت کی'۔

مزید پڑھیں: آڈیو لیکس پر اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم، آئی ایس آئی اور آئی بی کے سربراہان شامل


شہباز شریف نے کہا کہ 'آڈیوز لیک ہونے کے بعد عمران خان روئے زمین پر سب سے بڑا جھوٹا ثابت ہوا، عمران خان ریلیوں اور تقاریر میں اپنے حامیوں کو مشتعل کر رہے ہیں، سازشی نظریات پیش کر کے موجودہ حکومت پر بدعنوان ہونے کا الزام لگا رہے ہیں اور اب وہ آنیوالے ہفتوں میں دارالحکومت اسلام آباد مارچ کا منصوبہ بھی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاشرے میں لاتعداد زہر کے ٹیکے لگائے اور وہ حقائق کو توڑ مروڑ کر نفرت پیدا کر رہا ہے۔

'عمران خان کو تمام مجرمانہ حرکتوں کا جواب دینا ہوگا'

اُ ن کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ نے آڈیو لیک کے انکشافات کی تحقیقات کی منظوری دے دی ہے،عمران خان کو تمام شعوری مجرمانہ حرکتوں کیلئے جوابدہ ہونا پڑے گا اور قانون اُن کے خلاف حرکت میں آئے گا۔

'مالی مشکلات کے باوجود امریکا سے ایف 16 طیاروں کا معاہدہ کیا'

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں، ،شدید مالی مشکلات کے باوجود ایف 16 طیاروں کیلئے امریکا کے ساتھ معاہدہ کیا،امریکی صدر سے نیویارک میں مختصر ملاقات کی، انہوں نے پاکستان کی حمایت کا وعدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے،نومبر میں چین کا دورہ کروں گا،سی پیک ایسا منصوبہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے اچھا ہے۔
Load Next Story