کیویز کے ورلڈ کپ سے قبل تجربات ختم نہ ہوسکے

پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹرائنگولر سیریز میں کھلاڑی روٹیٹ ہوں گے


Sports Desk October 05, 2022
مارٹن گپٹل اور ولیمسن کی ناقص فارم مینجمنٹ کیلیے بدستور تشویش کا باعث۔ فوٹو : آئی سی سی

کیویز کے ورلڈ کپ سے قبل تجربات ختم نہ ہوسکے جب کہ پاکستان اور بنگلادیش کے خلاف ٹرائنگولر سیریز میں کھلاڑیوں کو تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ورلڈ کپ سر پر آنے کے باوجود نیوزی لینڈ تاحال موزوں ترین الیون کی تشکیل میں ناکام رہا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ شیڈول ہوم ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں بھی تجربات کا سلسلہ جاری رہے گا، پہلا میچ جمعے کو کرائسٹ چرچ میں مہمان سائیڈز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس سہ ملکی سیریز میں میزبان ٹیم کی جانب سے اپنے ورلڈ کپ کیلیے منتخب تمام 15 کھلاڑیوں کو میدان میں اترنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، 4 یا 5 میچز میں کھلاڑی روٹیٹ ہوں گے، ٹاپ آرڈر پر فن ایلن اپنا کیس مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔

حال ہی میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی 3 میچز کی سیریز میں کیویز نے مارٹن گپٹل اور ڈیوون کونوے سے بیٹنگ اوپننگ کروائی تھی، گپٹل نے 3 میچز میں 17 کی اوسط سے 51 رنز بنائے، وہ رواں برس اب تک 9 ٹی 20 میچز میں ایک بار بھی 50 کا ہندسہ عبور نہیں کرسکے۔

فن ایلن نے البتہ اسکاٹ لینڈ کے خلاف 56 بالز پر سنچری بنا کر پاور ہٹنگ صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کو کپتان کین ولیمسن کی فارم کے حوالے سے بھی کچھ تشویش ہے جنھوں نے ویسٹ انڈیز سے 3 میچز میں 75 رنز بنائے، آسٹریلیا سے حالیہ سیریز میں بھی ان کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی تھی۔

ہوم ٹرائنگولر سیریز کے بعد کیویز کو آسٹریلیا میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے ساتھ وارم اپ میچز کھیلنے ہیں ، میگا ایونٹ میں اس کا ابتدائی معرکہ سڈنی میں 22 اکتوبر کو میزبان آسٹریلیا سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں