چین کے ادارے ایڈمنسٹریشن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کچھ سٹیلائیٹ تصاویر جاری کی ہیں جس میں بحرہند کے سمندر میں کچھ ٹکڑے تیرتے ہوئے دکھائے ہیں جبکہ اس حوالے سے گمان کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹکڑے گمشدہ ملائشین طیارےایم ایچ 370 کے ہوسکتے ہیں۔
دوہفتوں سے لاپتہ ملائیشین طیارے کی تلاش کے لئے ملائشیا کے علاوہ آسٹریلیا، برطانیہ اور چین کی بحری افواج سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہیں،آسٹریلیا کی جانب سے 16 مارچ کوگمشدہ طیارے کے حوالے سے سٹیلائیٹ تصاویر جاری کی گئی تھیں لیکن اس سے کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہ ہوسکے تاہم چین نے اسی مقام سے 120 کلو میٹر دوری سے لی گئی سٹیلائٹ تصاویر جاری کی ہیں جس میں کچھ ٹکڑے دیکھے جاسکتے ہیں جس کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ ٹکڑے گمشدہ ملائشین طیارے ایم ایچ 370 کے ہوسکتے ہیں جس کے بعد چین نے امدادی ٹیمیں متعلقہ مقام کی جانب روانہ کردی ہیں۔
واضح رہے کہ دو ہفتے قبل کوالالمپور سے بیجنگ جانے والے ملائیشین ایئر لائن طیارے کا رابطہ ملائیشیا اور ویتنام کے درمیان واقع سمندر پر منقطع ہوگیا تھا تاہم اب تک طیارے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات نہیں مل سکیں کہ آیا طیارہ تباہ ہوا یا اسے ہائی جیک کیا گیا۔