حوالہ و ہنڈی کے دو ملزمان گرفتار 3 ہزار سعودی ریال اور 13 لاکھ روپے برآمد

کے پی میں 10 ماہ کے دوران 251 افراد کو گرفتار کرکے ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر اور 453 ملین روپے کی دیگر کرنسی برآمد کی گئی

(فوٹو : فائل)

ایف آئی اے نے پشاور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران کرنسی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے 3330 سعودی ریال اور ساڑھے 13 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی حوالہ و ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، پشاور میں کارروائی کے دوران ملزم بادشاہ نور اور محمد لطیف کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان ہنڈی حوالہ کے کاروبار سے منسلک تھے، چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں، 3330 سعودی ریال اور 1,346,000 روپے برآمد کر لے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ملزمان کے خلاف فارن ایکس چینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیا گیا ہے۔


دس ماہ میں 251 افراد گرفتار، 453 ملین روپے کی غیرملکی ضبط

ترجمان کے مطابق ادارے نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران ہنڈی حوالہ اور کرنسی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 206 چھاپہ مار کارروائیاں کیں، 206 مقدمات درج کیے گئے اور 251 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کاروائیاں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور، کمپوزیٹ سرکل ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان اور بنوں سرکل نے کیں اس دوران حوالہ و ہنڈی میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال 12 دکانیں بھی سیل کی گئیں۔

چھاپوں کے دوران 149940 امریکی ڈالرز اور 453 ملین روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کے پی زون مجاہد اکبر خان نے کہا ہے کہ ہنڈی و حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Load Next Story