ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس شعیب شیخ کو عدالت میں پیش ہونے کا آخری موقع

شعیب شیخ آئندہ سماعت پر بھی پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی کا حکم واپس لینے پر غور کریں گے، چیف جسٹس


ویب ڈیسک October 07, 2022
شعیب شیخ گزشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے (فوٹو فائل)

ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں ہائی کورٹ نے شعیب شیخ کو پیش ہونے کے لیے یکم نومبر تک آخری موقع دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں شعیب شیخ و دیگر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی شعیب شیخ پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی کا حکم واپس لینے پر غور کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایگزیکٹ کے شعیب شیخ سزا کے خلاف اپیل میں ایک بار پھر سماعت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت سے سزا معطلی کا حکم واپس لینے کی استدعا کردی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس؛ شعیب شیخ کے پیش نہ ہونے پر عدالت کا اظہار برہمی

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر اشفاق نقوی نے عدالت کو بتایا کہ شعیب شیخ گزشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے۔ انہیں آج طلب کیا گیا تھا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سزا معطلی کا حکم واپس لیا جائے۔ دریں اثنا شعیب شیخ کے وکیل کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ شعیب شیخ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ شعیب شیخ کب پیش ہوں گے؟ جس پر وکیل نے آئندہ ماہ کی تاریخ مانگ لی۔ عدالت نے شعیب شیخ کو یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ شعیب شیخ اور دیگر نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 5 جولائی 2018ء کو شعیب شیخ سمیت 23 ملزمان کو سزا سنائی تھی۔ شعیب شیخ کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 20 سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے شعیب شیخ کی سزا معطل کر رکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں