حمزہ عباسی نے فلموں کے مقابلے میں پاکستانی ڈراموں کو ’بہتر آپشن‘ قرار دے دیا

گلیمر کے نام پر فلموں میں بہت کچھ شامل کیا جا رہا ہے، حمزہ علی عباسی


ویب ڈیسک October 08, 2022
حمزہ علی عباسی جلد ’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ میں نوری نتھ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے(فائل فوٹو)

پاکستان شوبز کے مشہور اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گلیمر کے نام پر فلموں میں ایسی بہت ساری چیزیں شامل کی جا رہی ہیں جو کہ حدود سے باہر ہیں۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کی آنے والی پنجابی میگا بجٹ فلم 'دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ' میں ویلن 'نوری نتھ' کا کردار ادا کرنے والے حمزہ علی عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ آنے والے وقتوں میں ڈراموں میں دکھائی دیں گے، البتہ وہ فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نےعندیہ دیا کہ اب وہ شوبز انڈسٹری میں کام کرتے دکھائی دیں گے۔ اداکار نے ڈراموں کو فلموں کے مقابلے بہتر آپشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ' ڈرامے اس طرح بنائے جا رہے ہیں، جس میں بطور مسلمان وہ اپنی حدود میں رہ کر کام کرسکیں گے'۔

حمزہ علی عباسی کے مطابق فلموں میں گلیمر کے نام پر ایسی چیزیں شامل کی جا رہی ہیں جو کہ حدود سے بہت زیادہ باہر ہوجاتی ہیں، اس لیے ان کا فلموں کے مقابلے ڈراموں میں کام کرنے کا چانس زیادہ ہے۔



ہمایوں سعید کے ساتھ آگے فلموں میں کا م کر نے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہمایوں سعید کے ساتھ ایک فلم کیا بہت ساری فلمیں کریں گے جب کہ وہ ان کے ساتھ دیگر منصوبے بھی کریں گے۔

حمزہ علی عباسی نے اپنی آنے والی فلم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 'نوری نتھ' کا کردار بہتر انداز میں ادا کرنے کے لیے مصطفیٰ قریشی کی نقل کرنے کی کوشش کی ہے، کیوںکہ انہوں نے ماضی کی مولا جٹ فلم میں نوری نتھ کا کردار شاندار طریقے سے ادا کیا، جسے لوگ آج بھی نہیں بھلا پائے۔

یاد رہے کہ 'لیجنڈ آف دی مولا جٹ' پاکستان شوبز کی میگا بجٹ پنجابی فلم ہے جس کا شائقین کو بےصبری سے انتظار ہے، فلم رواں ماہ 13 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں