نعتِ رسول مقبول ﷺ

دنیائے آب و گِل کو کہا آپ نے سرائے؛ <br /> کیا کوئی دل لگائے


فصیح چغتائی October 09, 2022
دنیائے آب و گِل کو کہا آپ نے سرائے؛ کیا کوئی دل لگائے

ایمان لانے والے دلوں میں رہے مکیں
اے صادق و امیں
احسان مند آپ کا ہر کوئی ، ہر کہیں
اے صادق و امیں


توصیف کی ہے آپ کی اللہ نے بیاں
پڑھ لیجیے قرآں
رَطب اللسان آپ کے ، افلاک اور زمیں
اے صادق و امیں


دنیائے آب و گِل کو کہا آپ نے سرائے
کیا کوئی دل لگائے
شاہوں کے شاہ ہو کے رہے بوریا نشیں
اے صادق و امیں


برسوں مقاطعے کی اذیت بھی دی گئی
توہین کی گئی
ٹالا گیا مذاق میں پیغامِ علمِ دیں
اے صادق و امیں


طائف میں کافروں کی تھیں ایذا رسانیاں
پاؤں لہولہاں
پھر بھی دعائے خیر ہی کی ، بددعا نہیں
اے صادق و امیں


پائی فلاح، آپ کی تقلید جس نے کی
تائید جس نے کی
وہ کامراں ہوا ، تھا جسے آپ پر یقیں
اے صادق و امیں


اللہ کی پکڑ ہے بہت سخت اے فصیح
بے شک ہے یہ صحیح
رسوا رہیں گے آپ کے بدخواہ و نکتہ چیں
اے صادق و امیں

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔