ڈیوٹی وٹیکسوں کی پیشگی ادائیگی ختم کرنے پر غور جاری ہے ممبر کسٹمز

تاجر آگے آئیں اور اتھورائیزڈ اکنامک آپریٹرز پروگرام کو کامیاب بنائیں، مکرم جاہ انصاری

تاجر آگے آئیں اور اتھورائیزڈ اکنامک آپریٹرز پروگرام کو کامیاب بنائیں، مکرم جاہ انصاری (فوٹو: فائل)

ممبر کسٹمز ایف بی آر مکرم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ ڈیوٹی وٹیکسوں کی پیشگی ادائیگی کو ختم کرنے کے عمل پرغور جاری ہے۔

ممبر کسٹمز ایف بی آر مکرم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی سہولت کے لیے ڈیوٹی وٹیکسوں کی پیشگی ادائیگی کو ختم کرنے کے عمل پرغور جاری ہے جبکہ ویبوک کلیئرنس سسٹم میں آئندہ 15یوم کے دوران ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کے لیے ماڈیولز کا نفاذ کردیا جائے گا۔


انھوں نے کہا کہ عارضی لائسنس ہولڈرز کو ضروری ایسسمنٹ کے بعد مستقل کردیا جائے گا اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ کو بطور سیکیورٹی قبول کیا جائے گا۔ کسی بھی غیر ضروری اینٹی اسمگلنگ چیکنگ کو فوری طور پر روکا جائے گا جبکہ شپمنٹ کیے جانے والے کنٹینرز کے اندر مطلوبہ دستاویزات چسپاں کرنے کی شرط کو ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے کیونکہ محکمہ کسٹمز اس ضمن میں اسٹیک ہولڈرز کے خدشات سے بخوبی آگاہ ہے۔

مکرم جاہ انصاری نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور اتھورائیزڈ اکنامک آپریٹرز (AEO) پروگرام کو کامیاب بنائیں کیونکہ یہ کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرے گا اور تجارت کرنے میں آسانی پیداکرے گا۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ تاجربرادری کے لیے تاخیر کے معاملات اور متروک کسٹم ویلیویشن اس وقت سب سے بڑے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتھورائیزڈ اکنامک آپریٹرز (AEO) کی تعیناتی میں سست روی ہے جو مزکورہ عمل کو غیر موثر بنا رہی ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو اگرچہ ایک اچھا اقدام ہے لیکن اس کی بابت بڑے پیمانے پر آگاہی اور مکمل عمل درآمد میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
Load Next Story