اے این پی کا خیبرپختونخوا کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

خیبرپختونخوا کے حالات سازگار ہیں، ضمنی انتخاب کیلیے انتظامات مکمل اور عوام تیار ہیں، ایمل ولی خان

فوٹو : فائل

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے خیبرپختونخوا کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف عدالت جارنے کا اعلان کردیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف عدالت میں صوبائی صدر ایمل خان ولی کی جانب سے درخواست دائر کی جائے گی، جس میں الیکشن کمیشن، وفاقی اور صوبائی حکومت کو بھی فریق بنایا جائے گا۔

قبل ازیں ایمل خان ولی نے ایک بار پھر حکومتی اتحادی اورالیکشن کمیشن سے خیبرپختونخوا کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حتی الوسع کوشش تھی اور ہے کہ 16 اکتوبر کا ضمنی انتخاب مقررہ وقت پر ہو، ضمنی انتخاب کے لیے عوامی نیشنل پارٹی پوری طرح تیار ہے اور انتظامات مکمل ہیں، مقررہ وقت پر ضمنی انتخاب کے بعد کم از کم خیبر پختونخوا سے اس (پی ٹی آئی) گند کا خاتمہ ہوجائے گا۔


ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ سیلابی صورتحال کی وجہ سے ضمنی انتخاب نہیں ہوسکتے لیکن خیبر پختونخوا میں انتخاب کے انعقاد کے لیے حالات بالکل سازگار ہیں اس لیے مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ضمنی انتخاب کا انعقاد مقررہ وقت پر ہر صورت ممکن بنائے کیونکہ یہ حلقے اور یہاں کے عوام پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی سے محروم ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ باربار اتحادی حکومت اور دیگر اداروں سے کہا ہے کہ دفاعی اداروں کو انتخابی عمل کا حصہ نہ بنائے کیونکہ انتخابی عمل کا حصہ بننے کی وجہ سے دفاعی اداروں کی جو بدنامی ہوئی جسے اب بند ہونا چاہیے۔

حکومتی اتحاد سے متعلق صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا کی خاطر اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اے این پی نے اتحادی حکومت کا ساتھ دیا اور دیتے رہیں گے۔ اگر کوئی خوشی منا رہا ہے کہ ہم عدم استحکام والوں کی طرف کھڑے ہوں گے تو یہ انکی غلط فہمی ہے۔
Load Next Story