ویسٹ انڈین دفاعی مہم کا آج بھارت کیخلاف آغاز

پاکستان کیخلاف فتحیاب دھونی الیون برقراررکھی جائیگی، گیل رنگ جمانے کو بیتاب


Numainda Khususi March 23, 2014
پاکستان کیخلاف فتحیاب دھونی الیون برقراررکھی جائیگی، گیل رنگ جمانے کو بیتاب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 کی دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم اعزاز کے دفاع کی مہم اتوار کو شروع کرے گی۔

اس کا پہلا ٹاکرا بھارت سے ہورہا ہے جس کا اعتماد روایتی حریف پاکستان کو شکست دینے سے آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگا،دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آئی پی ایل کی بدولت ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں سے واقف ہیں لہذا کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے گذشتہ ٹائٹل پر قبضہ جماکر دنیائے کرکٹ کو حیران کرنے والی ویسٹ انڈین سائیڈ ٹرافی گھر لے جانے کیلیے پُرعزم ہے، وہ اپنی مہم کا آغاز اتوارکوبھارتی ٹیم کیخلاف کریگی، ممکنہ پلیئنگ الیون میں شامل 9 کرکٹرز آئی پی ایل میں بھارتی کھلاڑیوں کے ہمراہ کھیلنے کا خاصا تجربہ رکھتے ہیں، کوہلی اپنی ٹیم کو گیل کی کمزوریاں بتاسکتے ہیں تو دوسری طرف ڈیوائن براوو اپنے بولرز کو دھونی اور رائنا کو پریشان کرنے کے نسخوں سے آگاہ کرینگے، سنیل نارائن، سیموئیل بدری کی معاونت سے حریف بیٹنگ لائن کے قدم اکھاڑیں گے۔

اسپنرز سلو گیندوں کی اہمیت اور لائن لینتھ جانتے ہیں تو بیٹسمین باؤنڈریز سے جوش بڑھانے کے حربوں سے واقف ہیں، قوت کے لحاظ سے متوازن اسکواڈز میں فٹنس اور فیلڈنگ فرق ثابت ہوسکتی ہے،کرس گیل کا بیٹ کچھ عرصے سے زیادہ رنز نہیں اگل رہا تاہم انھوں نے انگلینڈ کیخلاف وارم اپ میچ میں 43رنز کی اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کا اشارہ دیدیا،بھارتی بولرز ان کی جارحانہ بیٹنگ کی زد میں آگئے تو ویسٹ انڈیز کو بڑا اسکور بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا، دوسری طرف دھونی کو بھی جارح مزاج یوراج سنگھ سے ایسی ہی توقعات وابستہ ہیں۔ ڈیرن سیمی الیون میں پولارڈ کا خلا آندرے رسل پُر کریں گے،پہلا میچ جیتنے والی بھارتی پلیئنگ الیون سے چھیڑ چھاڑ کا امکان نہیں۔ ورلڈ ٹوئنٹی 20میں دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 2 میچز کھیلے گئے جس میں بلو شرٹس فاتح رہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں