کے الیکٹرک بلوں میں میونسپل ٹیکس وصول نہ کرنے کے حکم میں توسیع

بجلی بلوں میں میونسپل ٹیکس وصولی سے متعلق کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی


کورٹ رپورٹر October 11, 2022
سندھ ہائی کورٹ نے عبوری تحریری حکم نامہ جاری کردیا (فوٹو فائل)

سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے بلوں میں کے ایم سی ٹیکس وصولی کیخلاف درخواستوں پر عبوری تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک ٹیکس وصول نہ کرنے سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کردی۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کے الیکٹرک بلوں میں کے ایم سی ٹیکس وصولی سے متعلق درخواستوں پر تحریری عبوری حکم جاری کردیا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ایڈمنسٹریٹر کراچی کی بجلی بلز میں میونسپل ٹیکس بحالی کی استدعا مسترد

عثمان فاروق، سیف الدین، عارف شیخ، احتشام اللہ خان ایڈووکیٹس درخواست گزاران کی جانب سے پیش ہوئے جب کہ ایس حسن مجتبیٰ عابدی اور عذرا مقیم ایڈووکیٹس کے ایم سی کی جانب سے پیش ہوئے۔ محمد عارف ایڈووکیٹ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی پیش ہوئے۔

قاضی عمیر ایڈووکیٹ، سید عرفان علی شاہ، جام محسن آفتاب، سیف جتوئی اور ایان مصطفیٰ میمن ایڈووکیٹس کے الیکٹرک کی جانب سے پیش ہوئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد قاسم اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل مہران خان بھی پیش ہوئے۔

عدالت نے عبوری تحریری حکم نامے میں کہا کہ کے الیکٹرک نے ایک درخواست میں جواب جمع کرایا۔ منیر اے ملک اور خالد جاوید خان کو معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے اور نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ فریقین معاونین خصوصی کو تمام دستاویزات کی نقول فراہم کریں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 26 اکتوبر صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک حکم امتناع میں توسیع کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔