راولپنڈی میں فائرنگ سے کھیتوں میں کام کرتی دو خواتین ہلاک ملزمان فرار

انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے، آئی جی پنجاب

(فوٹو فائل)

راولپنڈی میں کھیتوں میں کام کرنے میں مصروف دو خواتین کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، پولیس نے فرانزک شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے اراضی اعوان کی رہائشی مسماتہ 30 سالہ سعدیہ اور 25 سالہ عصمت شاہین کھیتوں میں کام کرنے میں مصروف تھیں کہ نصیر، ادریس، صغریٰ اور ایک نامعلوم ملزم مسلح حالت میں وہاں پہنچے اور فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پہنچا اور نعشوں کو تحویل میں لیکر فرانزک شواہد اکھٹے کرتے ہوئے مقتولین کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔


سی پی او راولپنڈی شہزاد ندیم بخاری نے واقعہ کا نوٹس لیکر ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کی، ایس پی صدر زنیر احمد چیمہ خود بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفتیشی عمل کا جائزہ لیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ،ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان نے سابقہ دشمنی کی وجہ فائرنگ کر کے خواتین کو قتل کیا ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ٹیموں کے ذریعے شواہد اکٹھے کر کے تمام زاویوں پر تحقیقات کی جارہی ہے،ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا کہنا ہے کہ سپروائزری افسران مقتولین کی فیملیز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔
Load Next Story