ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا مختلف تقاریب کا انعقاد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔


ویب ڈیسک March 23, 2014
لاہور میں 1971 کے بعد پہلی مرتبہ توپوں کی سلامی پاک بھارت سرحد کے قریب برکی روڈ پر بنگالی گراؤنڈ میں دی گئی۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا جبکہ اس موقع پر اہم سرکاری اور نجی عمارات پر پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز مساجد اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں ملک کی بقا و سلامتی اور امن و امان کی بحالی کے لئے خصوصی دعاؤں سے ہوا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک کی خوشحالی، امن اور استحکام کے لئے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ یوم پاکستان کے سلسلے میں سب سے اہم تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم میاں نواز شریف، وفاقی وزرا، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، مختلف ممالک کے سفرا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مسلح افواج کے خصوصی دستوں نے صدر مملکت اور وزیر اعظم کو سلامی دی۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک کے سب سے بڑے شہر اور پہلے دارالحکومت کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی مزار قائد پرحاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ جس کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کابینہ کےاراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بابائے قوم محمد علی جناح کے اہل خانہ کی حاضری کے بعد مزار کے احاطے کو عام شہریوں کے لئے کھول دیا گیا۔

لاہور میں 1971 کے بعد پہلی مرتبہ توپوں کی سلامی پاک بھارت سرحد کے قریب برکی روڈ پر بنگالی گراؤنڈ میں دی گئی۔ یوم پاکستان پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے جوانوں نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ پشاور میں یوم پاکستان کے حوالے سے آرمی اسٹیڈیم میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلعی ہیڈکوارٹرز، اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اداروں کی عمارات کے علاوہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں سیاسی ، سماجی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے مختلف تقاریب، جلوسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں قرارداد پاکستان کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جارہی ہے، سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب اور ملی نغمے گائے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں