گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان لازوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا ہے، ہمیں ملک میں جمہوری روایات اور اداروں کو مضبوط کرنا ہے تاکہ یہاں قانون کی حکمرانی اور شہریوں کو انصاف اور معاشی آزادی میسر آسکے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے جاری میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان لازوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا ہے اور ملک کے موجودہ حالات ہم سے بھرپور قومی یکجہتی اور اتحاد کا تقاضا کر رہے ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں قومی سلامتی و بقا، جمہوریت کے فروغ، ملکی استحکام ، اتحاد و اتفاق، دہشت گردی کے خاتمے اور ایک دوسرے کے وجود کو برداشت کرنے کا عزم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستانی قوم کے تصور کو عملی طور پر اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اتحاد میں ہی برکت ہے،اس سلسلے میں ہمیں تمام مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے استحکام و ترقی کو فوقیت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ قوم کو آزادی کے مقاصد حقیقت کی صورت میں حاصل کرنے کے لئے نہ صرف ایک پلیٹ فارم پر متحد اور سخت جدوجہد کرنا ہوگی۔ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز وہاں کی شرح تعلیم اور نوجوانوں میں قومی جذبے میں پوشیدہ ہے اور صوبائی حکومت ان دونوں اصولوں کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ ہمیں قوم کو باشعور بنانے کے لئے جمہوری روایات اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط کرنا ہے تاکہ یہاں قانون کی حکمرانی اور تمام شہریوں کو انصاف ، جمہوریت اور لوگوں کو معاشی آزادی میسر ہو۔