سندھ کابینہ نے گندم پر 23559 ارب روپے سبسڈی کی منظوری دیدی

JPMC، NICH اور NICVD ابتدائی طور پر 25 سال کی قابل توسیع مدت کیلیے چلانے کے معاہدے کے مسودے کی بھی منظوری


Staff Reporter October 12, 2022
آٹے کی قیمت 58 سے 65 روپے فی کلو کے درمیان رکھی جائے، وزیر اعلیٰ۔ فوٹو : فائل

سندھ کابینہ نے گندم پر 23.559 ارب روپے کی سبسڈی منظوری دے دی۔

سندھ کابینہ نے 4 گھنٹے طویل اجلاس کے دوران چند اہم فیصلے کیے جس میں گندم پر 23.559 ارب روپے کی سبسڈی، حیسکو اور سیپکو کے حصول، ہجرت کرنے والے پرندوں کے شکار پر پابندی، آئی بی اے پاس اساتذہ کی ریگولرائزیشن، 2012 میں تعینات 297 اساتذہ کی بھرتی اور اس کے علاوہ وفاقی حکومت کے ساتھ 3 صحت کے ادارے کراچی کے JPMC، NICH، اور NICVD ابتدائی طور پر 25 سال کی قابل توسیع مدت کیلیے چلانے کے معاہدے کے مسودے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوا، کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مکمل غور و خوص کے بعد کابینہ کو 22.79 ارب روپے کی سبسڈی کے ساتھ 5825 روپے فی 100 کلو گرام گندم 23-2022 جاری کرنے کی سفارش کی۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلیے فول پروف حکمت عملی تیار کریں کہ سبسڈی حقیقی صارفین تک پہنچائی جائے اور آٹے کی قیمت 58 سے 65 روپے فی کلو کے درمیان رکھی جائے، کابینہ نے پاسکو سے دو لاکھ ٹن گندم خریدنے کا بھی فیصلہ کیا جس کیلیے 16.768 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اجلاس کو بتایا کہ نجکاری کمیشن نے وفاقی حکومت کے زیر ملکیت تمام ڈسکوز کو پرائیویٹ سیکٹر مینجمنٹ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا لیکن آخرکار اس نے انھیں متعلقہ صوبائی حکومتوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر توانائی نے کابینہ کو بتایا کہ حیسکو اور سیپکو ملک کی پہلی ڈسکوز ہوں گی جو صوبائی حکومت کو منتقل کی جائیں گی،کابینہ نے حیسکو اور سیپکو کے حصول کا فیصلہ کیا اور انھیں پروفیشنل پرائیویٹ پارٹنر کی مدد سے چلانے کا فیصلہ کیا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ 18ویں ترمیم کے تحت سندھ حکومت نے جولائی 2011میں3منتقل ہونے والے اداروں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (NICH) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (NICVD) کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے، معاہدے کے مسودے کے تحت اسپتال میں کام کرنے والے تمام وفاقی ملازمین کام کرتے رہیں گے۔

سندھ کابینہ نے معاہدے کے مسودے کی منظوری دیتے ہوئے اسے حتمی منظوری کیلیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا،محکمہ جنگلی حیات نے ایک ایجنڈا آئٹم پیش کیا جس میں مقامی پرندوں اور نقل مکانی والے آبی پرندوں کے شکار پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ قدرتی آفات کے دوران جنگلی حیات کو انسانی جان کے برابر نقصان پہنچا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ایک سال کیلیے مقامی پرندوں اور نقل مکانی کرنے والے آبی پرندوں کے شکار پر پابندی لگاتے ہیں جب تک کہ جنگلی حیات قدرتی آفات کے باعث ہونے والے صدمے سے نکل نہیں جاتے، محکمہ صحت نے شہید بینظیر آباد میں سندھ کے عوام کو یورولوجیکل اور ٹرانسپلانٹیشن کی خدمات فراہمی سے متعلق انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلیے بینظیر انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (BIUT) نوابشاہ 2022 کے قیام کامسودہ بل پیش کیا کابینہ نے بل کی منظوری دیتے ہوئے اسے غورو خوض کیلیے اسمبلی بھجوا دیا۔

کابینہ نے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی درخواست پر کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو الحاق شدہ کالج اور عباسی شہید اسپتال کو کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا تدریسی اسپتال قرار دینے کی درخواست پیش کی، کے ایم سی نے ضلع وسطی، کراچی میں ایک مکمل پبلک یونیورسٹی قائم کرنے کی تجویز دی ہے، کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا بل محکمہ قانون کی جانب سے تصدیق شدہ پہلے ہی اسمبلی کو بھیجا جاچکا ہے۔

محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے کابینہ سے درخواست کی کہ ضلع حیدرآباد کے 27 کالجوں کو جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کے دائرہ اختیار میں رکھا جائے، کابینہ نے اپنے دائرہ اختیار کا فیصلہ کرنے کیلیے وزیر یو اینڈ بی اسماعیل راہو، وزیر تعلیم سردار شاہ اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی، کابینہ نے بل کا مسودہ اسمبلی کو بھجوا دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |