سرکاری افسر کے گن مین نے موبائل فون چھیننے کی کوشش ناکام بنادی
گن مین نے گاڑی سے اسلحہ نکال کر ڈاکوؤں پرفائرنگ کردی
صدرعبداللہ ہارون روڈ پر سرکاری افسرکے گن مین نے موٹر سائیکل پر سوار2 نامعلوم مسلح ڈاکوؤں کی موبائل فون چھینے کی کوشش کی ناکام بنادی،گن مین نے گاڑی سے اسلحہ نکال کر ڈاکوؤں پرفائرنگ کردی تاہم ڈاکو موقع پر سے فرار ہو گئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں کو گاڑی کے قریب رکتے دیکھا جاسکتا ہے، ایک ڈاکو نے موٹر سائیکل سے اتر کر سرکاری افسر سے موبائل فون چھینے کی کوشش کی جبکہ دوسرا ڈاکو موٹر سائیکل پر ہی بیٹھا رہا اسی دوران سرکاری افسر کے گن مین نے گاڑی سے اسلحہ نکال لیا اورڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، تاہم ڈاکو موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں 2 نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف درج کر لیا گیا ، پولیس کے مطابق سرکاری افسر کی گاڑی خراب ہو گئی تھی اور وہ عبداللہ ہارون روڈ پر گاڑی سے اتر کر کھڑے ہوئے تھے، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ۔