سکھوں اورہندوؤں کے مقدس مقامات سے متعلق رہنمائی کےلئے موبائل ایپ کی تیاری

ایپ کی مدد سے مدد سے ملک بھر میں موجود سکھوں اور ہندوؤں کے اہم مندروں، گوردواروں سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں گی

کٹاس راج مندر (فوٹو: فائل)

متروکہ وقف املاک بورڈ نے ملک بھر میں مندروں اور گوردواروں سے متعلق معلومات کی فراہمی اور ان کے لوکیشن بارے رہنمائی کے لئے موبائل ایپ کی تیاری شروع کردی ہے۔ موبائل ایپ کی مدد سے ملکی اورغیرملکی سیاحوں کو سکھوں اورہندوؤں کےمقدس مقامات تک پہنچنے اوران سےمتعلق جاننے میں رہنمائی ملے گی۔

پاکستان میں سکھوں اورہندوؤں کے مذہبی مقامات اورجائیدادوں کے نگران ادارے متروکہ وقف املاک بورڈ نے ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ایک اوراہم قدم اٹھایا ہے۔ بورڈ نے موبائل ایپ کی تیاری شروع کردی ہے جس کی مدد سے ملک بھر میں موجود سکھوں اور ہندوؤں کے اہم مندروں، گوردواروں سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔


متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین حبیب الرحمن گیلانی نے ایکسپریس ٹربیون سے بات کرتے ہوئے کہا 'اس ایپ میں تمام تاریخی اورقدیم مندروں سے متعلق معلومات ہوں گی۔سکھوں اور ہندؤں کے مقدس مقامات کی تصاویر اور مستند معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس ایپ میں یہ سہولت بھی ہوگی کسی بھی مقدس مذہبی مقام کے ایک سے دو کلومیٹر اطراف میں جو بھی اہم تاریخی اورمذہبی مقامات ہوں گے ان سے متعلق بھی رہنمائی مل سکے گی۔ اس کے لئے ان مقامات تک پہنچنے کے لیے ڈیجیٹل میپ میسرہوگا۔ا سکے علاوہ ٹوورآپریٹرز، ان مقامات کے قریب قیام وطعام اورٹرانسپورٹ کی سہولت بارے رہنمائی بھی مل سکے گی۔'

حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ سیاحوں کو متوجہ کرنے اوران کی رہنمائی کےلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمزکا استعمال انتہائی ضرروی ہے۔ دوسرے مرحلے میں اس موبائل ایپ میں سکھوں اورہندوؤں کے مقدس مقامات کے تھری ڈی تصاویراورویڈیوزبھی شیئر کی جائیں گی تاہم اس کےلئے ابھی ہم کوئی سپانسراورکمپنی تلاش کررہے ہیں جو اس حوالے سے کام کرسکے۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کا کہنا تھاکہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
Load Next Story