عمران خان اب دوبارہ اقتدار میں نہیں آسکے گا مولانا فضل الرحمان

عمران خان کی حکوت کو سازش کے تحت ہٹایا نہیں گیا بلکہ اسے سازش کے تحت اقتدارمیں لایا گیا تھا، سربراہ جے یو آئی


ویب ڈیسک October 12, 2022
—فائل فوٹو

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکوت کو سازش کے تحت ہٹایا نہیں گیا بلکہ اسے سازش کے تحت اقتدارمیں لایا گیا تھا اور اب وہ دوبارہ اقتدارمیں نہیں آسکے گا۔


میلہ منڈی تخت بھائی میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اسے اقتدارسے نکالا ہے، عمران خان کا ملک دشمن ایجنڈا کبھی بھی پورانہیں ہوگاہماراواسطہ عجیب انسان سے ہے جو 9 حلقوں سے الیکشن لڑ رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں پاکستان معاشی دیوالیہ پن کی دہلیز پر پہنچ گیا تھا، ریاست داو پرلگی ہوئی تھی لیکن ہم نے ملک بچالیا، اسے اقتدارمیں لانے کے لیے سازش کی گئی تھی ہٹانے کے لیے نہیں۔


مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ امریکا کی پشت پناہی سے اقتدارمیں آیا جس کے لیے اسرائیل اوربھارت نے فنڈنگ کی، الیکشن کمیشن میں عمران خان کی چوری عیاں ہوگئی۔ انہوں نےکہاکہ اس نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں فروخت کردیا اسی لیے اقتدارمیں لایا گیا۔


جے یو آئی کے سرابرہ نے کہا کہ عمران خان نے امریکا کے کہنے پر سی پیک منصوبہ ناکام بنایا، یہ امریکی ایجنٹ ہے اس کے خلاف امریکہ کیوں سازش کرے گا، ہم پر تںقید کرنے کی بجائے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکے، حیرت ہے کہ پختون کیسے اس شخص کے ساتھ پارٹی میں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں