خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کی مستقل ضمانت منظور

عمران خان شامل تفتیش ہوئے، بابر اعوان ۔ تفتیش صحیح طریقے سے جوائن نہیں کی، پبلک پراسیکیوٹر


ویب ڈیسک October 13, 2022
عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر بھی عدالت پہنچے (فوٹو فائل)

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 2 مقدمات میں مستقل ضمانت منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں عدالت نے عمران خان کی ضمانت 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لی جب کہ تھانہ کوہسار میں درج اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں بھی عمران خان کی مستقل ضمانت منظور کرلی گئی۔

سیشن جج کامران بشارت مفتی کے روبرو کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر بھی عدالت پہنچے۔ وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ درج ہے ، جس میں عمران خان شامل تفتیش بھی ہوئے ہیں۔

پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے تفتیش صحیح طریقے سے جوائن نہیں کی۔ جج نے استفسار کیا کہ اشتعال انگیزی کس تقریر میں تھی، وہ آپ نے بتانا ہے۔پبلک پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عمران خان نے پبلک سرونٹس کو دھمکیاں دیں۔

بعد ازاں عدالت نے جج دھمکی کیس اور اشتعال انگیز تقریر کے مقدمے میں عمران خان کی مستقل ضمانت منظور کرلی۔ عمران خان کے وکلا نے 50 ہزار روپے کے مچلکے عدالت میں جمع کروا دیے۔

یہ پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی گرفتار، متنازع ٹوئٹس پر مقدمہ درج

سماعت کے بعد کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے سینیٹر کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا، جس پر عمران خان نے کہا کہ ہم اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ اعظم سواتی صاحب نے کہا کہ ان کے کپڑے اتارے گئے تشدد کیا گیا، اس پر کیا کیا کہیں گے؟ عمران خان نے جواب دیا کہ اس سے بڑی شرم کی اور کیا بات ہوگی؟ یہ کوئی بنانا ریپلک ہے، شرم آنی چاہیے ایسا کرنے والوں کو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔