وزیراعظم نے تاشقند میں ازبک صدر کو جوانی میں پڑھی کہاوت سنادی

اس کہاوت پر عمل کریں تو مٹی بھی سونا بن جاتی ہے اور عمل منافی ہو تو سونا بھی مٹی بن جاتا ہے، شہباز شریف کی گفتگو

فوٹو اسکرین گریپ

وزیراعظم شہبازشریف نے وطن واپسی کے موقع پر ازبکستان کے صدر کو جوانی میں پڑھی کہاوت سنائی اور کہا کہ ہم اس پر عمل کر کے مٹی کو سونا بنا سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کی وطن واپسی کے موقع پر ازبکستان کے صدر کے ساتھ پرتپاک الفاظ کا تبادلہ ہوا، ازبکستان کے صدر نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے لئے کچھ ایسا کریں کہ تاریخ یاد کرے، ہمیں وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا کو ملانا ہوگا، اسی لئے میں نے آپ کے ساتھ اپنے خوابوں اور منصوبوں کا ذکر کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جوانی میں کہاوت پڑھی تھی کہ پختہ عزم، اچھی سوچ اور سخت محنت کا کوئی نعم البدل نہیں، ہم اس پر چل کر ہی معاشی ترقی حاصل کرسکتے ہیں اور یہی معاشی ترقی کا راز بھی ہے۔


وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اس کہاوت پر عمل کریں تو مٹی بھی سونا بن جاتی ہے، طرز عمل اس کہاوت کے منافی ہو تو سونا بھی مٹی بن جاتا ہے.

ازبک صدر نے کہا کہ آپ کے لئے اور پاکستان کے عوام کے لئے پرجوش نیک تمناﺅں کا پیغام دیتا ہوں، وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے قائد محمد نوازشریف کی طرف سے آپ کو نیک تمناﺅں کا پیغام دیتا ہوں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف قازقستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے پاکستان پہنچ گئے۔

Load Next Story