شہید اہلکار کی بیٹیوں کی شادی پولیس میزبان بن گئی
خواتین پولیس اہلکاروں نے باراتیوں کو گلدستے پیش کیے اور شہید کانسٹیبل کی دونوں بیٹیوں کو رخصت کیا
پولیس نے 10 سال قبل دہشتگردوں سے مقابلہ کے دوران شہید ہونے والے کانسٹیبل کی دو بیٹیوں کی شادی میں ایس ایس پی آپریشنز سمیت پولیس کی بھاری نفری شریک ہوئی اور باراتیوں کا استقبال کیا۔
پولیس کے مطابق سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری کی خصوصی ہدایات پر ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان سمیت پولیس کی بھاری نفری نے بارات کا استقبال کیا، پولیس اہلکاروں نے باراتیوں پر پھول نچھاور کیے۔
خواتین پولیس اہلکاروں نے باراتیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور شہید کانسٹیبل کی دونوں بیٹیوں کو رخصت کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض کا کہنا تھا کہ خوشی اور غم کے ہر موقعہ پرشہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں، شہید کی عظیم قربانی ناقابل فراموش ہے، شہید کانسٹیبل محمد نیاز نے 10 سال قبل دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔