چیف جسٹس پاکستان ٹینس کے کھلاڑی نکلے

اچھا ٹینس پلئیر بننے کے لیے گیند پر نظر رکھنی چاہیے،چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال


Muhammad Yousuf Anjum October 15, 2022
فوٹو ایکسپریس

چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال ٹینس کے اچھے کھلاڑی نکلے، انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹینس لیجنڈ کھلاڑی مرحوم خواجہ افتخار احمد نے انہیں ٹپس دی تھیں کہ اچھا ٹینس پلئیر بننے کے لئے گیند پر نظر رکھنی چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال لاہور کے نشترپارک میں واقع اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی کو خواجہ افتخار احمد کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے،نشترپارک اسپورٹس کمپلیکس لاہور پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے فیتہ کاٹ کر خواجہ افتخار ٹینس پویلین کا افتتاح کیا،تقریب میں سابق چیف جسٹس خلیل الرحمان رمدے سمیت اسپورٹس بورڈ پنجاب حکام ، ٹینس اور دوسرے شعبوں سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اپنے خطاب میں چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے بتایا کہ خواجہ افتخار احمد کے ساتھ والد کے دوست ہونے کی وجہ سے گہرا لگاؤ تھا، زمانہ طالب علمی میں ان سے ٹینس سیکھی،مرحوم خواجہ افتخار کلائی کے استعمال سے ٹینس بال کو اسپن کرتے تھے۔

ان کاکہناتھا کہ خواجہ افتخار کمال کے ٹینس پلئیر تھے، انہیں موجودہ دور کا راجر فیڈرر کہا جاسکتا ہے، خواجہ فیملی کی ٹینس لیگسی کو برقرار رکھنے پر فخر ہے،امید ہے خواجہ فیملی ٹینس میں ملک کےلئے خدمات جاری رکھے گی۔

اس موقع پر خواجہ افتخار احمد کے بیٹوں خواجہ خرم اور خواجہ سہیل نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد نے دو ممالک بھارت اور پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دو بار ومبلڈن ٹورنامنٹ میں حصہ لیا، خواجہ افتخار کو ٹینس میں نمایاں خدمات پر تمغہ امتیاز، پرائیڈ آف پرفارمنس کے ایوارڈز بھی ملے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں