ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 8 انتخابی نشستوں کے نتائج کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان 8 سے 6 انتخابی نشستوں پشاور، مردان، چارسدہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد اور کراچی (این اے 239) سے کامیاب ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کی نشست این اے 157 ملتان اور این اے 237 کراچی سے پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج موصول ہوچکے ہیں جس کے مطابق پی ٹی آئی نے 2 جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ایک نشست حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی خیبرپختونخوا کی 3، پنجاب کی 3 اور سندھ کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے۔
تینوں صوبوں میں پی ڈی ایم اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کا پی ٹی آئی سے سخت مقابلہ ہوا جن میں سے 7 نشستوں پر خود عمران خان بطور امیدوار حصہ لیا جبکہ ایک نشست پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے بلے کے نشان پر الیکشن لڑا۔
خیبرپختونخوا کی 3 قومی اسمبلی نشستوں کے نتائج
این اے 22 مردان: پی ٹی آئی کامیاب
این اے 22 مردان کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق عمران خان 76 ہزار 681 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ جے یو آئی (ف) محمد قاسم 68 ہزار 181 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان میں ووٹرز کا ٹرن اوور 32.94 فیصد رہا۔
این اے 31 پشاور: پی ٹی آئی کامیاب
الیکشن کمیشن نے این اے 31 پشاور کا فارم 47 جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان 57818 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے ہیں۔ اے این پی کے غلام بلور کے 32 ہزار 252 ووٹ لے سکے۔
جماعت اسلامی کے محمد اسلم 3 ہزار 817 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ این اے 31 پشاور میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 20.28 فیصد رہا۔
این اے 24 چارسدہ: پی ٹی آئی کامیاب
این اے 24 چارسدہ سے تمام 384 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق عمران خان 78589 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ ایمل خان ولی کے 68356 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 24 چارسدہ میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 29.02 فیصد رہا۔
پنجاب کی 3 قومی اسمبلی نشستوں کے نتائج
این اے 108 فیصل آباد: پی ٹی آئی کامیاب
این اے 108 کے 354 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 99602 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عابد شیر علی 75131 ووٹ حاصل کرسکے۔ انتخابی حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 36.49 فیصد رہا۔
این اے 118 ننکانہ صاحب: پی ٹی آئی کامیاب
حلقہ این اے 118 کے تمام 319 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پی ٹی آٸی امیدوار عمران خان 90180 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل 78024 جبکہ ٹی ایل پی کے پیر افضال حسین شاہ 24630 ووٹ لے سکے۔ این اے 118 ننکانہ صاحب میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ44.1 فیصد رہا۔
این اے 157 ملتان: پیپلز پارٹی کامیاب
ملتان کے حلقہ این اے 157 کے تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے علی موسی گیلانی 107327 ووٹ کے ساتھ کامیاب ہوگئے جبکہ ٹی آئی کی امیدوار مہربانو 82142 ووٹ لے سکیں۔
این اے 157 ملتان میں ووٹرز کا ٹرن آوٹ 44.22 فیصد رہا۔
سندھ کی 2 قومی اسمبلی نشستوں کے نتائج
این اے 237 کراچی: پیپلز پارٹی کامیاب
این اے 237 ملیر کے تمام 194 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئےجس کے مطابق پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 22493 ووٹ لے سکے۔ انتخابی حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 20.33 فیصد رہا۔
این اے 239 کراچی: پی ٹی آئی کامیاب
این اے 239 کورنگی کے 330 پولنگ اسٹیشن کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں جس کے مطابق عمران خان 50014 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا 18116 ووٹ لے سکے۔ حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 14.88 فیصد رہا۔
پنجاب کی 3 صوبائی نشستوں کے نتائج
پی پی 241 بہاولنگر: پی ٹی آئی کامیاب
پی پی 241 کے تمام 168 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک مظفر خان59957 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امان اللہ ستار باجوہ 48147 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 241 بہاولنگر میں ووٹرز کا ٹرن آوٹ 48.83 فیصدرہا۔
پی پی 209 خانیوال: پی ٹی آئی کامیاب
پی پی 209 خانیوال کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جبکہ الیکشن کمیشن نے پی پی 209 خانیوال کا فارم 47 بھی جاری کردیا جس کے مطابق پی ٹی آئی کے فیصل خان نیازی 71 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
فارم 47 کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ضیا الرحمن 57 ہزار 603 ووٹ حاصل کرسکے۔ پی پی 209 خانیوال میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 53.32 فیصد رہا۔
پی پی 139 شیخوپورہ: ن لیگ کامیاب
پی پی 139 کے تمام 153 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی پی 139 شیخوپورہ کا فارم 47 جاری کردیا گیا ہے۔
جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے افتخار احمد بھنگو 40829 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد ابو بکر 37712 لے کر دوسرے نمبر پرہیں۔ پی پی 139 میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 41.86 فیصد رہا۔
امیدوار
خیبرپختونخوا کے حلقے این اے 22 مردان میں جمیعت علما اسلام کی جانب سے مولانا قاسم جبکہ چارسدہ حلقہ این اے 24 سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل خان ولی کو ٹکٹ دیا گیا، ان دونوں امیدواروں کی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم امیدواروں کا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ہوا۔
پنجاب کی تین نشستوں حلقہ این اے 108 فیصل آباد، ننکانہ صاحب این اے 118 سے مسلم لیگ ن نے بالترتیب عابد شیر علی اور ڈاکٹر شذرہ منصب علی کو ٹکٹ دیا گیا، جن کو پی ڈی ایم کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ان دونوں حلقوں پر بھی لیگی امیدواروں کے مدمقابل عمران خان رہے۔
مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات تیاریاں مکمل، پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری
ملتان این اے 157 کی نشست سے شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا جن کا مقابلہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور پی پی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی سے ہوا۔
علاوہ ازیں کراچی کے حلقہ این اے 237 اور 239 میں عمران خان کے مدمقابل پی ڈی ایم نے بالترتیب عبدالحکیم بلوچ اور ایم کیو ایم کے نیئر رضا کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا۔ حلقہ این سے 237 میں مجموعی طور پر گیارہ جبکہ حلقہ این اے 239 میں 22 امیدوار مد مقابل ہوئے۔
قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاولنگر میں بھی ضمنی انتخاب ہوئے۔
الیکشن میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے جبکہ انتخابی سامان ریٹرننگ افسران کی زیر نگرانی پولنگ اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے کراچی کے دونوں این اے 237 اور 239 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا۔
تمام حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ الیکشن کمیشن نے رینجرز، ایف سی اور پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا۔
اُدھر ریٹرننگ افسر نے فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں امیدوار کی جانب سے ووٹ خریدنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سٹی پولیس افسر سے رپورٹ طلب کرلی۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر حملے میں زخمی
کراچی این اے 237 میں ضمنی انتخاب کے دوران ملیر کے پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر حملے کے دوران زخمی ہوئے، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے کراچی کے صدر بلال غفار پر ملیر غازی گوٹھ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بلال غفار کو قریبی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
https://twitter.com/ramazanizoltr/status/1581561327075569665?s=20&t=jtpIOfChq9Pfpor5UmvRZQ
تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سلیم بلوچ نے مجھ پر سب سے پہلے حملہ کیا، مجھے دھکا دے کر زمین پر گرایا، ان کے 10 سے 15 ساتھیوں نے مجھے اینٹیں ماریں، مجھ پر پولیس کی موجودگی میں پی پی والوں نے حملہ کیا لیکن پولیس نے میری کوئی مدد نہیں کی۔
یہ پڑھیں : کراچی میں ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی کراچی کے صدر حملے میں زخمی
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور عمران اسماعیل نے حملے کی مذمت کی ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ پی پی کے جیالے اپنی شکست سے خوف زدہ ہوگئے، الیکشن میں ناخوشگوار واقعات کا رونماء ہونا دھاندلی کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
علی زیدی پی پی کے خلاف تشدد کا مقدم درج کرانے پہنچے
واقعے کے بعد پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی وکلاء کے ہمراہ ملیر سٹی تھانے مقدمہ درج کرانے پہنچ گئے۔ تھانے میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دہشت گردوں نے بلال غفار اور ساتھیوں پر حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے، ہم پیپلز پارٹی کے نام نہاد دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرانے آئے ہیں، پولیس کی موجودگی میں بلال غفار اور ساتھیوں پر حملہ کیا گیا جس سے واضح ہوگیا کہ پولیس بھی پیپلز پارٹی کے غنڈوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ یہ لوگ عمران خان کی جیت سے خوف زدہ ہیں، کراچی والوں نے ان نام نہاد دہشت گردوں کو مسترد کردیا ہے، ان کے خلاف ایف آئی آر میں اے ٹی سی کی دفعہ لگوا کر کٹوائیں گے۔
پنجاب کے 6 اضلاع میں اسپیشل برانچ کے حکام کے پولنگ اسٹیشنز میں داخلے پر پابندی
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے 6 اضلاع میں اسپیشل برانچ کے حکام کے پولنگ اسٹیشنز میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے یہ پابندی اسپیشل برانچ کے موجودہ اور سابق اہل کاروں کے پولنگ اسٹیشنز میں غیرقانونی اور بلا اجازت داخلے کی شکایات پر عائد کی ہے جس کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے یہ حکم نامہ ایڈیشنل آئی جی (اسپیشل برانچ) پنجاب کو بھیج دیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 187 کے تحت یہ پابندی لگائی گئی ہے، الیکشن کے دوران غیرقانونی طور پر اپنے عہدے کا غلط فائدہ اٹھانے والے افسر اور اہل کاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں آسکتی ہے، پابندی کا مقصد یہ ہے کہ انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو روکا جائے۔
خواتین کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچی
ضمنی انتخابات میں خواتین کی دلچسپی ظاہر ہوگئی، ان کی جانب سے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا گیا، خواتین کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچی۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 11 حلقوں میں 20 لاکھ 27 ہزار 733 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، خواتین کی پولنگ کے عمل میں خصوصی دلچسپی خوش آئند ہے، خواتین کی بڑی تعداد آج اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنوں پر ہنچی، الیکشن کمیشن نے صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ 11 حلقوں میں خواتین کے لیے 713 پولنگ اسٹیشنز، ساڑھے 4 ہزار پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، خواتین کے حق رائے دہی کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کر چکا۔
پشاور: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایم پی اے ثمر ہارون بلور کو نوٹس
الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 31 پشاور میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ثمر ہارون بلور نے پولنگ سٹیشن کے اندر ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، انہیں سیکریسی آف بیلٹ کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا، یہ عمل سیکریسی آف بیلٹ سیکشن 178 کی صریحا! خلاف ورزی ہے، ثمر بلور کو کل صبح 11 بجے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پشاور کے دفتر اپنی وضاحت دینے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کردیے
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کی جانب سے ووٹ تبدیل کیے جانے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانب داری کا بے بنیاد الزام جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، پی ٹی آئی کے ووٹ حلقوں سے تبدیل کرنے کا الزام مضحکہ خیز ہے، ووٹر لسٹ سے کیسے پتا چل سکتا ہے کہ کون کسے ووٹ ڈالے گا؟
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ یہ الزام سراسر بے بنیاد اور غلط ہے، ووٹر لسٹیں شفاف اور غلطیوں سے پاک پراسس کے تحت مرتب کی جاتی ہیں، آج کے الیکشن 2018ء کی ووٹر لسٹوں پر ہو رہے ہیں، ووٹر لسٹ پر اعتراض سراسر کم علمی اور غلط بیانی ہے۔
پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا شام 6 بجے تک نتائج نشر کرنے پر پابندی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ میڈیا پولنگ کا عمل ختم ہونے کے ایک گھنٹہ بعد پولنگ کے نتائج نشر نہ کرنے کا پابند ہوگا، 6 بجے کے بعد میڈیا کو ابتدائی نتائج کو غیر حتمی نتائج کے طور پر نشر کرنے کی اجازت ہوگی، جب تک ریٹرننگ افسران کی جانب سے حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا جاتا ان نتائج کو غیر حتمی ہی تصور کیا جائے گا۔