نرسنگ بورڈ میں انتظامی نظام تباہ امتحانی نتاج 5 ماہ گزرنے کے بعد بھی جاری نہیں کیے گئے

امتحانی نتائج کے منتظر 17 ہزار امیدوار ذہنی اذیت کا شکار ہیں،اعلیٰ تعلیم کے حصول میں شدید مشکلات


Staff Reporter March 24, 2014
امتحانی نتائج کے منتظر 17 ہزار امیدوار ذہنی اذیت کا شکار ہیں،اعلیٰ تعلیم کے حصول میں شدید مشکلات. فوٹو: فائل

سندھ نرسنگ امتحانی بورڈ کے تحت سالانہ و ضمنی امتحانات سال برائے 2013، کے نتائج 5 ماہ گزرنے کے بعد بھی جاری نہیں کیے جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ماتحت چلنے والے سندھ نرسنگ امتحانی بورڈ کے تحت ہرسال سالانہ امتحانات منعقدکیے جاتے ہیں جس میںکامیاب امیدواروںکو بورڈ کی جانب سے اسناد بھی دی جاتی ہیں لیکن گزشتہ سال منعقدکیے جانے والے سالانہ اور ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان5ماہ گزرنے کے باوجود نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے ہزاروں امیدوار شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں ،امیدواروں نے سیکریٹری صحت اقبال درانی اور اسپیشل سیکریٹری صحت کودرخواستیں دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سالانہ امتحانات کے نتائج کا فوری اعلان کیا جائے، امیدواروں نے اپنی درخواستوں میںکہا ہے کہ نتائج کااعلان نہ کرنے سے امیدوار اپنی اعلیٰ تعلیم سے بھی محروم ہورہے ہیں، دوسری جانب ہزاروں امیدوار بے روزگار ہورہے ہیں، سندھ نرسنگ امتحانی بورڈ میں ہونے والی سیاست کاخمیازہ امیدواروں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

امیدواروں نے کہا ہے کہ سندھ نرسنگ امتحانی بورڈ میں بعض افسران نے من پسند تعیناتیاں کرادی ہیں جن کی نااہلی کی وجہ سے امتحانی نتائج مرتب نہیںکیے جا سکے، ڈپٹی کنٹرولر بورڈ سمیت دیگر افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سندھ نرسنگ بورڈ سے سندھ میڈیکل فیکلٹی کا عمل دخل بندکرایا جائے ، امیدواروں نے کہا ہے کہ سندھ میڈیکل فیکلٹی کے ایک افسر نے اپنی اہلیہ کومحکمہ صحت کے ایک افسر کی ملی بھگت سے بورڈ میں ڈپٹی کنٹرولر تعینات کرایا ہے جس کی تحقیقات کرائی جائے اور امتحانی نتائج کا فوری اعلان کیاجائے بصورت دیگر احتجاج کیا جائے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں