یوکرین سے ملحقہ علاقے میں روسی فوجی ٹریننگ سینٹر پر حملہ 11 افراد ہلاک
روس نے فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دے دیا
یوکرین سے ملحقہ علاقے بلگورود میں روسی فوجی ٹریننگ سینٹر پر حملے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس نے فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دے دیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق دہشت گردی کا حملہ جنوب مغربی بلگورود کے علاقے میں پیش آیا جس کی سرحد یوکرین سے ملتی ہے، علاقے سے آنے والےعناصر نے مشین گنوں سے فائرنگ کی۔
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی فوج کے زیر انتظام ٹریننگ کیمپ میں یوکرین کے خلاف جنگ میں رضا کارانہ طور پر حصہ لینے کے لیے آئے افراد کو نشانہ بازی کی تربیت دی جا رہی تھی جہاں دہشت گردوں نے مشین گنوں اور خود کار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔