ترکی نے باغیوں پر بمباری کرنے والا شامی طیارہ مار گرایا جھڑپ میں 20 جنگجو ہلاک

لتاکیہ کی سرحد پر طیارے کو نشانہ بنایا گیا، ترک وزیراعظم کی طرف سے فضائیہ کو مبارکباد


Monitoring Desk/AFP March 24, 2014
لتاکیہ کی سرحد پر طیارے کو نشانہ بنایا گیا، ترک وزیراعظم کی طرف سے فضائیہ کو مبارکباد۔ فوٹو رائٹرز

ترکی نے شام کا ایک لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے جبکہ سرحدی کراسنگ پر لڑائی کے دوران 20 باغی جنگجو ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق شامی طیارہ ترک سرحد کے ساتھ شام کے باغیوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔ ترک حکام نے دعویٰ کیاکہ ترک فضائی حدود میں داخل ہونے پر شامی طیارے کو مار گرایا گیا، طیارہ شامی باغیوں پر بمباری کر رہا تھا۔ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق ترک ایئرڈیفنس نے شمالی صوبے لتاکیہ میں سرحدی علاقے میں شامی طیارے کو نشانہ بنایا جو آگ لگنے کے بعد شام ہی کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان نے شامی طیارہ مار گرانے پر ترک فوج کو مبارک باد دیتے ہوئے شامی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اگر شامی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو انھیں سخت جواب دیا جائے گا۔ دوسری طرف شامی حکومت نے رد عمل میں ترک حکومت کے اس اقدام کو ''کھلی جارحیت،، قرار دیا ہے۔ شامی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ملک نے شامی علاقے کسب میں باغیوں کو نشانہ بنانے والے طیارے کو مار گرا کر کھلی جارحیت کی ہے۔ ذرائع نے مزید کہاکہ طیارے کا پائلٹ بروقت چھلانگ لگا کر بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

دریں اثنا کسب کے سرحدی علاقے میں بارڈر کراسنگ پر قبضے کیلیے 3 روزسے دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، القاعدہ سے منسلک تنظیم النصرۃ فرنٹ اور دیگر باغی جنگجوئوں نے کراسنگ پر موجود شامی فورسز پر متعدد حملے کیے ہیں۔ لتاکیہ صوبے کے اس علاقے میں شامی صدر بشار الاسد کے خاندان کا آبائی گائوں بھی ہے۔ اتوار کو لڑائی کے دوران فضائی حملوں اور شامی فورسز کی فائرنگ کے دوران مزید 20جنگجو ہلاک اور 30 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر ملک کے اندر شامی فورسز کی زمینی اور فضائی کارروائی میں 6 بچوں اور ایک خاتون سمیت57 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ آئی این پی کے مطابق حکومتی فورسز نے حزب اختلاف کے زیر کنٹرول علاقوں پر بمباری کی جس میں 24 افراد حلب، 12دمشق کے مضافات میں،8 حمص، دیرا اور ادلب میں 5،5 افراد جبکہ راکا، حما اور اذقیہ میں ایک، ایکہلاکت ہوئی، حلب کے پرانے حصے میں باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان خوںریز جھڑپیں ہوئی ہیں، ادھر باغیوں نے اذقیہ میں حکومت کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں