قوم تیار ہوجائے اگلے چند روز میں عام انتخابات کا اعلان ہونے جارہا ہے شہباز گل
پوری قوم کی ایک ہی آواز ہے کہ غلامی کسی صورت قبول نہیں ہے، رہنما پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں عام انتخابات کا اعلان ہوجائے گا۔
ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے دوران شہباز گل نے سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ' آج کے نتائج کے بعد ملک عام انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے'۔
اُن کا کہنا تھا کہ 'قوم تیار ہو جائے، انشاللہ اگلے چند دن میں جنرل الیکشنز کا اعلان ہونے جا رہا ہے'۔
شہباز گل نے کہا کہ 'اس وقت پوری قوم کی ایک ہی آواز ہے کہ غلامی کسی صورت قبول نہیں ہے، پاکستان کے عوام اپنے فیصلے خود کرنا چاہتی ہے اور عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا'۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 'الحمدللّٰہ قوم نے ایک بار پھر عمران خان کو اپنی امیدوں کا محور ثابت کیا، تمام نشستوں پر عمران خان کی واضع برتری ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں عوام کی خواہش کا احترام کریں فوری طور پر ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کریں ، حکومت سے الیکشن کے فریم ورک پر گفتگو کیلئے تیار ہیں'۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں، جن میں سے 7 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خود الیکشن لڑرہے ہیں جن کے مدمقابل پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔